Live Updates

عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست خارج

بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی کی درخواست مسترد کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 مئی 2024 15:33

عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست خارج
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست خارج کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست مسترد کی گئی ہے، اس حوالے سے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہاشم کاکڑ اور جسٹس شوکت رخشانی پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا، جہاں اقبال شاہ ایڈوکیٹ، حکیم زرین ایڈوکیٹ، محب اللہ کاکڑ اور ان کی ٹیم نے قائد پی ٹی آئی کی جانب سے کیس کی پیروی کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد اپنے فیصلے میں عدالت نے عمران خان کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی کے لیے آرٹیکل 6 لگانے کی درخواست خارج کردی۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی ٹیریان کیس میں نا اہلی کی درخواست بھی خارج کرچکی ہے، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے دو ججز کا سنایا گیا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم کے خلاف مبینہ بیٹی کو چھپانے پر نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں شہری محمد ساجد نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے، جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں لارجر بنچ نے سماعت کی، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی بنچ میں شامل تھیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل حامد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے، جنہیں مخاطب کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ ’اس فائل میں ایک بند لفافہ ہے وہ کھولیں، دو ججز کا فیصلہ ہے، دو ججز پہلے ہی اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے کیس پہلے ہی مسترد ہوچکا ہے، آپ اس حوالے سے کیا کہتے ہیں؟ 3 میں سے 2 ججز دستخط کر دیں تو اس کا کیا اثر ہوگا؟‘۔

عدالت کے سوال پر حامد علی شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ’میں فیصلہ دیکھ کر ہی عدالت کی معاونت کر سکتا ہوں، اس کے لیے 2 یا 3 ہفتے بعد کی تاریخ دے دیں‘، تاہم عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کردی، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ ’جب 2 ججز درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں تو کیسے تاریخ دے سکتے ہیں؟‘، ان ریمارکس کے ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف درخواست مسترد کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات