25 مئی کو کشمیر بنے گاپاکستان کی تیاریوں کاآغاز کردیاہے، سردار عتیق

کچھ مخصوص عناصر آزادکشمیر میں نظریاتی انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، نظریہ الحاق پاکستان پریقین رکھنے والے سیاسی کارکنان ریلی میں شامل ہوں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 23 مئی 2024 19:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ 25مئی کشمیر بنے گاپاکستان کی تیاریوں کاآزادکشمیر بھر میں آغاز کردیاگیا ہے۔کارکنان پرامن طریقے سے ریلیوں میں شرکت کرتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی اور پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کاواضح ثبوت دیں۔

25مئی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی مجاہد اول کے مزار سے شروع ہوگی اور کوہالہ میں مظفرآبادڈویژن کی ریلی میں شرکت کریگی۔ آزادکشمیر میں گزشتہ واقعات ہوئے ان کاتاثر کو ختم کرنے کیلئے ضروری تھی مسلم کانفرنس نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے فرمان پر پہرہ دینے کے لئی6لاکھ سے زائد کشمیریوں نے پاکستان کے پرچم کوسربلند کرنے اور تکمیل پاکستان کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔

آج کچھ مخصوص عناصر آزادکشمیر میں نظریاتی انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ہم سیاسی کارکنان اور دوسری جماعتوں کے کارکنان جو نظریہ الحاق پاکستان پریقین رکھتے ہیں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ریلی میں شامل ہو۔25تاریخ کو آزادکشمیر سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گے اور مسلم کانفرنسی کارکنان کشمیر اور پاکستان کاپرچم بلند کرینگے۔

ہم نے ریلی میں صرف اورصرف پاکستان کا پرچم بلند کرنے کافیصلہ کیا ہے۔کارکنان اپنی گاڑیاں،کاروں، موٹرسائیکل،ٹرکوں اور گھروں دوکانات میں پاکستان کاپرچم لہرائیں۔دنیا بھر میں کشمیر اور پاکستان میں مجاہد اول کی تصویرکشمیر اور پاکستان کا پرچم بلند کیاجائے۔پاکستان کا پرچم ہماری عزت وآبرو کی علامت ہے۔بے شمار مجاہدین،شہداء،غازیوں کی علامت اور بہترین ماضی اور بھرپور حال اور شاندار مستقبل ہے اس لیے پاکستان کا پرچم کسی صورت سرنگوں نہیں ہونے دے سکتے۔

تین بجے سے پانچ بجے تک مسلم کانفرنس کے کارکنان پاکستان کے تمام پریس کلب ہاء میں جمع ہو کر مسلم کانفرنس کاپرچم،کشمیر اور پاکستان کاپرچم لہرائیں۔ مظفرآباد ڈویژن کی تیاریاں عروج پر ہیں۔بعدازں تمام ڈویژن میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔