پری مون سون کے آغاز کی پیشن گوئی

محکمہ موسمیات نے قیامت خیز گرمی کی طویل لہر کے اختتام پر بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 مئی 2024 19:55

پری مون سون کے آغاز کی پیشن گوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2024ء) پری مون سون کے آغاز کی پیشن گوئی، محکمہ موسمیات نے قیامت خیز گرمی کی طویل لہر کے اختتام پر بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری قیامت خیز گرمی کی لہر سے پریشان شہری بارشوں کیلئے دعائیں کرتے نہیں تھک رہے، تاکہ گرمی کی شدت میں کمی آ سکے۔ اس تمام صورتحال میں بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے قیامت خیز گرمی کی موجودہ لہر کے اختتام پر پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے جوبھارت کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا، شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہوگا جس سے گلیشیئرز پھٹنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق بالائی فضاء میں موجود ہوا کا زیادہ دباو اور محدود بادلوں کی موجودگی گرمی کی لہر کا باعث ہے۔ ساہیوال، اوکاڑہ، سبی، بھکر، لاڑکانہ جیکب آباد میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہیں گے۔ جبکہ اس سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کا بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اپریل میں بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ پہنچا ہے۔