وزیر اعلی سندھ کو نیٹی جیٹی پل کے متبادل برج بنانے کی تجویز

کراچی کو رنگ روڈ دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے بھی جوڑیں گے،مراد علی شاہ کی ایف پی سی سی آئی کے وفد سے گفتگو

جمعہ 24 مئی 2024 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2024ء) ایف پی سی سی آئی نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو نیٹی جیٹی پل کے متبادل برج بنانے کی تجویز دے دی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف شیخ، فیاض میگون، مہمن خان، آصف سخی اور دیگر شریک تھے۔

ملاقات میں صوبائی وزیر جام اکرام دھاریجو، وزیر محنت شاہد تھیم، وزیراعلی کے سیکرٹری رحیم شیخ، سیکرٹری صنعت، چیئرمین ایس آر بی آصف میمن اور دیگر شریک تھے۔ایف پی سی سی آئی کے ارکان نے مراد علی شاہ کو تیسری بار وزیراعلی بننے پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی ایف پی سی سی آئی کے ارکان نے نیٹی جیٹی پل کے متبادل برج بنانے کی بھی تجویز دی۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ نیٹی جیٹی پل بندرگاہ سے شہر اور اہم شاہراہوں سے جوڑتا ہے جب کہ اس وقت ایف پی سی سی آئی اور دیگر تاجر تنظیمیں بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کا تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار رہا ہے، صنعتی علاقوں سمیت شہر کے انفراسٹرکچر کو وزیراعلی نے تعمیر کروایا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے ارکان نے اسٹریٹ کرائم اور تجاوزات کو کنٹرول کرنے کی بات کی جس پر وزیر محنت شاہد تھیم نے کہا کہ لیبر کے مسائل سے متعلق صنعت کاروں سے رابطہ بڑھائیں۔صوبائی وزیر جام اکرام دھاریجو نے کہا کہ کراچی اور لاڑکانہ میں نئے صنعتی زونز قائم ہورہا ہے جب کہ سکھر سائٹ کو بھی بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کے مسائل ہیں لیکن سندھ حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے، ابھی اسٹریٹ کرائم کو کافی حد تک کنٹرول کیا ہے اور مزید کم کر رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت سیف سٹی منصوبہ لگارہی ہے جس پر کام تیز ہو رہا ہے، سندھ حکومت نے قبضہ مافیا پر زیرو ٹولرینس کی ہوئی ہے جب کہ ڈی آئی جی کی سطح کے افسران کو صنعت کاروں اور پولیس کے درمیان کوآرڈینیشن کے لئے مقرر کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کراچی کو رنگ روڈ دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے بھی جوڑیں گے تاکہ نیٹی جیٹی پل پر دبا کم ہوسکے جب کہ سندھ حکومت این ایچ اے سے منظوری کے بعد لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کا آغاز کریں گی۔انہوںنے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کا ٹول این ایچ لے گا لیکن ہم ان کی دیکھ بھال ضرور کریں گے، کسٹم ہاؤس پر پارکنگ کے مسائل حل کریں گے۔

اسٹریٹ کرائم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے پراسیکیوشن مضبوط کررہے ہیں، اسٹریٹ کرائم کے عادی مجرموں کو مانیٹر کرنے کا سسٹم بنا رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ دھابیجی میں صنعتی پلاٹوں کو قسطوں پر دینے کیلئے جائزہ لیں گے، ایس بی سی اے کی جانب سے بلڈنگ پلان روکنے کیلئے آباد سے تفصیلات طلب کرلی ہیں جب کہ انسداد تجاوزات پولیس کا کام سرکاری زمینوں کو واگزار کرانا ہے۔