اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے

ایل این جی کی قیمتوں میں 6.49 فیصد تک اضافہ کیا گیا، مئی کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مئی 2024 19:33

اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2024ء) اوگرا نے مئی کیلئے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق اوگرا نے مئی کیلئے ایل این جی کی قیمتوں میں 6.49 فیصد تک اضافہ کردیا ہے، ایل این جی کی قیمت میں 0.86 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک اضافہ ہوا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی 0.80 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوئی، جس کے بعد ایل این جی کی نئی قیمت 13.74 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔

سوئی سدرن کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.86 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا۔ جس کے بعد ایل این جی کی نئی قیمت 14.05 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔ مزید برآں پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 278 روپے 20 پیسے ہو گئی ہے۔

انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 17 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 737 روپے 95 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 722 روپے 80 پیسے، کویتی دینار کی 905 روپے 98 پیسے اور قطری ریال کی قیمت 76 روپے 32 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں جمعہ کو امریکی ڈالر کی قیمت خرید 277 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 280 روپے 20 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چار روز میں سونے کی قیمت میں 10 ہزار200 روپے کی کمی ہوگئی، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج ایک ہزار 800 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 40 ہزار200 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح آج دس گرام سونے کی قیمت میں1543 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 933 روپے ہوگئی ہے۔ پپاکستان میں سونے کی عالمی قیمت 20 ڈالر پریمیم شامل کرکے 2338 ڈالر فی اونس ہے