ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا پیر مہر علی شاہ اور زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے انڈرسٹینڈنگ چائنا فیلوشپ پروگرام کا اعلان

اتوار 26 مئی 2024 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2024ء) ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ایکو سولائزیشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (اے آئی ای آر ڈی) نے پیر مہر علی شاہ اور زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے چین کو سمجھنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لئے انڈرسٹینڈنگ چائنا فیلوشپ پروگرام 2024 کے آغازکا اعلان کیا ہے۔ اے آئی ای آر ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) شکیل احمد رامے نے اے پی پی کو بتایا کہ فیلوشپ کے تحت پاکستانی اور چینی یونیورسٹیوں اور تھنک ٹینکس سے تعلق رکھنے والے چین کے ماہرین لیکچر دیں گے اور شرکا کو تربیت دینے کے لئے ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کی معاونت حاصل ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد شرکا کو مختلف شعبوں میں چینی کامیابیوں کے بارے میں معلومات اورفراہم کرنا، انہیں ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے چینی ماڈل سے روشناس کرانا اور انہیں رہنما خطوط فراہم کرنا ہے تاکہ وہ چینی طرز فکر کے مطابق پاکستانی پالیسی سازوں کو آگے بڑھنے کا راستہ تجویز کرسکیں۔

(جاری ہے)

یہ فیلوشپ چار ماہ پر محیط پروگرام ہے جسے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پہلے حصے میں لیکچرز، پریزنٹیشنز اور مباحثے شامل ہیں۔ دوسرے حصے میں، شرکا کو چین کے بارے میں اپنی فہم پر مبنی 2000 الفاظ کا تصور پیپر تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں کے پاس سوشل سائنسز کے شعبوں میں کم از کم بیچلر کی ڈگری یا ماسٹر ڈگری ہے انہیں ترجیحی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی جائے گی۔

کوئی صنفی امتیاز نہیں ہوگا اور سب کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ شکیل احمد رامے نے کہا کہ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں منتخب امیدواروں کا انٹرویو کرکے حتمی انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے اختتام پر شرکا کو پروگرام کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کو30 جون2024 تک درخواست فارم پر کرنا ہوگا جو اے آئی ای آر ڈی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا ہینڈل پر آن لائن دستیاب ہے جو صرف ای میل ایڈریس [email protected] یا گوگل کے ذریعے موصول ہوگا۔ دلچسپی رکھنے والے افراد مزید معلومات کے لئے 03008558529 اور [email protected] پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔\395