اسلام آباد پولیس کا عید الضحیٰ کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان تشکیل،عید کے موقع پر 600سے زائد ٹریفک پولیس افسران اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے

اتوار 16 جون 2024 20:20

اسلام آباد پولیس کا عید الضحیٰ کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان تشکیل،عید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2024ء) اسلام آباد پولیس نے عید الضحیٰ کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ۔عید کے موقع پر 600سے زائد ٹریفک پولیس افسران اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے، زیادہ رش والے مقامات پر ڈائیورشن پوائنٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام بڑے تجارتی مراکز، تفریحی مقامات اور مساجد و امام بارگاہوں کے باہر اضافی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔

وفاقی پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبا د سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں عید الضحی ٰکے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے، اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کی صدارت ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایس پی ٹریفک سمیت تمام زونل ڈی ایس پیز اور بیٹ انسپکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں چاند رات کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی طرف سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کرنے اور شہر میں مربوط ٹریفک نظام قائم رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ اسلام آباد کے تمام بڑے شاپنگ سینٹرز،مساجد، امام بارگاہوں، قبرستانوں اور تفریحی مقامات پرمعمول کی ڈیوٹی کے علاوہ 600 سے زائد افسران و جوانوں کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ زیادہ رش والی شاہراہوں پر شہریوں کی سہولت کیلئے ڈائیورشن پوائنٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا، مویشی منڈیوں کے قریب پہلے سے ٹریفک پلان کے تحت اہلکار تعینات ہیں۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسپیشل اسکواڈ اسلام آباد کی شاہراہوں،چوکوں اور اڈوں پر تعینات کئے گئے ہیں جو کہ اوور چارجنگ کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سروس گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں۔ سی ٹی او اسلام آبادمحمد سر فراز ورک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی گاڑیاں، موٹر سائیکل مقررہ پارکنگ ایریا میں پار ک کریں اور اسلام آباد پولیس کے افسران کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہری اپنی شکایات ''پکار۔15 '' اور 051-9261992/93 پربھی درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ریڈیو ایف ایم 92.4 بھی شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی صورت حال سے باخبر رکھے گا۔