Live Updates

عید قربان پر غریب ، نادار اور معاشی حالات سے تنگ افراد کو ہر گز نہ بھولیں،گورنر سندھ

عیدالاضحی پر 100اونٹ،100بکرے اور بیلوں کی قربانی کا گوشت مستحق اور ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جائے گا، عید الاضحی کے موقع پر پیغام

اتوار 16 جون 2024 20:35

عید قربان پر غریب ، نادار اور معاشی حالات سے تنگ افراد کو ہر گز نہ بھولیں،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عوام کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنت ابراہیمی کی پیروی میں ہم ہر سال جانور اللہ تعالی کی راہ میں قربان کرتے ہیں، لیکن ہمیں ایسے افراد کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو قربانی کرنے سے قاصر ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ مہنگائی ہے اسی لئے گورنر ہاس میں100اونٹ،100بکرے اور بیلوں کی قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا گوشت مستحق اور ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جائے گا، 20ہزار ضرورت مند افراد میں راشن بھی تقسیم کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید الاضحی پر غریب ، نادار اور معاشی حالات سے تنگ افراد کو ہر گز نہ بھولیں ، قربانی کے گوشت کے اصل حقدار یہی لوگ ہوتے ہیں اور ایسا کرنا ہماری مذہبی روایات کا تقاضہ بھی ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی کرکے معاشرے کی تمام تاریکیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ حضرت ابراہیم نے اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم اور بیٹے نے اطاعت کرکے احکامات خداوندی کی تعمیل کی ایک زریں مثال قائم کی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم اگر اپنی ذات کو سنت ابراہیمی کی روشنی میں ڈھالیں تو یقینا اس صدی میں بھی ہم ایک فلاحی معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا تھا اور اس کو مستحکم ، مضبوط ، خوشحال اور اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے بھی ہمیں تمام اختلافات دور کرکے کوشش کرنا ہوگی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات