اسلام آباد پولیس کی بڑی کامیابی، نومولود بچی کو اغواکرنے والا دو خواتین سمیت چار رکنی گینگ گرفتار

اتوار 16 جون 2024 20:50

اسلام آباد پولیس کی بڑی کامیابی، نومولود بچی کو اغواکرنے والا دو خواتین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2024ء) اسلام آباد پولیس نے نومولود بچی کو اغواکرنے والا دو خواتین سمیت چارافراد پر مشتمل گینگ گرفتار کرکے مغوی نومولودبچی کو والدین کے حوالے کر دیا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور تعریفی اسناد اور انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلا م آباد پولیس کی تھانہ لوہی بھیرکی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچی کو اغواکرنے والا دو خواتین سمیت چار رکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزمان میں محمد یار، زاہدہ بی بی، آسیہ بی بی اور محمد یاسر شامل ہیں۔ملزمہ زاہدہ بی بی نے اپنے شوہر سے خلع کے ڈر سے بچی کے اغوا کا پلان بنایا۔

(جاری ہے)

ملزمہ نے دائی آسیہ بی بی کو اغواسے پہلے کچھ رقم ایڈوانس میں دی جبکہ ملزمہ کے خاوند نے جرم چھپانے کے لئے ایک جھوٹی درخواست بھی تھانہ میں دی جس میں اس نے بچی کا والد ہونے کا دعوی کیا۔ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش عمل میں لائی گئی، دوران تفتیش چاروں ملزمان نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ۔ پولیس ٹیم نے مغوی نومولود بچی جنت بی بی کو والدین کے حوالے کردیا جس پر والدین نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے پولیس ٹیم کو شاباش دیاور پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد اور انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔