پشاور میں بہن کی رخصتی کے روز 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل

25 سالہ بیٹا وقاص کسی کام سے گھر سے موٹرسائیکل پر سوار ہوکر باہر نکلا لیکن واپس نہیں آیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مئی 2024 12:18

پشاور میں بہن کی رخصتی کے روز 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بہن کی رخصتی کے روز 6 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو قتل کردیا گیا، مقتول کی والدہ نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے بیٹے کے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کی اپیل کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقہ مچنی گیٹ میں پیش آیا جہاں 6 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو اس کی بہن کی رخصتی کے دن فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جس کی نعش کھیتوں سے برآمد ہوئی، تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

ایف آئی آر میں مسماۃ آمنہ بی بی بیوہ محمد اسلام نے بتایا کہ میرا 25 سالہ بیٹا وقاص ولد محمد اسلام کسی کام سے گھر سے موٹرسائیکل پر سوار ہوکر باہر نکلا لیکن واپس نہیں آیا، ہم اسے دھونڈتے ہوئے علاقے میں معلومات حاصل کررہے تھے کہ اس دوران اطلاع ملی کہ وقاص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے جس کی نعش تیرائی پایان کے علاقے سے برآمد کی گئی جب کہ ہماری کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مقتول وقاص 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور جس دن اس کی ایک بہن کی رخصتی ہوئی اسی روز نامعلوم افراد نے وقاص کو قتل کردیا جس پر پورے علاقے میں سوگ کا ماحول پیدا ہوگیا جب کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی اور واقعے سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی۔ ادھر پنجاب کے ضلع قصور میں اپنے شوہر کے ساتھ گندم کی فصل کا حصہ لینے آئی بہن کے بھائیوں نے اس کا گھر اجاڑ دیا اور بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فصل کی تقسیم پر بہن سے تلخ کلامی ہوئی تو بھائیوں کی فائرنگ سے بہنوئی قتل ہوگیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال متنقل کردیا گیا۔