رفح کے قریب پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 75 فلسطینی شہید ہوگئے

عالمی برادری اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں قتل عام بند کروانے کے لیے فوری طور مداخلت کرے .سعودی وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 مئی 2024 18:48

رفح کے قریب پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 75 فلسطینی شہید ..
ریاض /غزہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27مئی۔2024 ) سعودی عرب نے پیر کو رفح پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں قتل عام بند کروانے کے لیے فوری طور مداخلت کرے سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں قتل عام اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل مسلسل جاری ہے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے تمام بین الاقوامی اور انسانی قراردادوں‘ قوانین اور روایات کی مسلسل اور کھلم کھلا خلاف ورزی کو واضح انداز میں مسترد کرتا ہے.

(جاری ہے)

سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں قتل عام بند کروانے کے لیے فوری طور مداخلت کرے تاکہ فلسطینی عوام کو جس بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے اسے مزید سنگین ہونے سے روکا جا سکے.

دوسری جانب اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ رفح میں پناہ لینے والے خاندانوں پر حملوں کی اطلاعات خوفناک ہیں یو این آر ڈبلیو اے نے” ایکس“ پر پیغام میں کہا ہے کہ پناہ کے متلاشی خاندانوں پر مزید حملوں کے بارے میں رفح سے آنے والی معلومات خوفناک ہیں. عرب نشریاتی ادارے کے مطابق غزہ میں وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایاہے کہ رفح کے قریب فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر حملے میں 75 فلسطینی شہید ہوئے ہیںجبکہ زخمیوں میںبڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے بیان میں اسے خوفناک قتل عام قرار دیا گیاہے.

اسرائیلی افواج نے بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا اسرائیلی فوج نے انسانی آبادیوں کے لیے ممنوعہ دو ہزار پاﺅنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا. ادارے نے فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے سے بتایا کہ تل السلطان کے علاقے میں قائم پناہ گزین کیمپوں میں بمباری کی وجہ سے شدید آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اکثر افراد زندہ جل گئے اسرائیلی فوج نے دو ہزار پاﺅنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا جبکہ اسرائیل نے حماس کے کمپاﺅنڈ کو نشانہ بنانے اور دو سینئر اہلکاروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے.

ہلال احمر نے بتایا ہے کہ رفح میں واقع اس کے فیلڈ ہسپتال میں لانے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ دیگر ہسپتال بھی بڑی تعداد میں مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے غزہ کے کویت ہسپتال میں پہنچنے والے ایک زخمی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں سے خیمے جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ وہاں مقیم افراد کی بھی زندہ جل گئے . حماس کے سینئر عہدیدار سامی ابو زہری نے رفح میں ہونے والے حملے کو قتل عام قرار دیتے ہوئے امریکا کو ذمہ دار ٹھہرایا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار اور رقم فراہم کررہا ہے.