اسلام آباد انتظامیہ،وزارت صحت و اکبر نیازی ہسپتال کے تعاون سے ’’تمباکو کنٹرول آگاہی کیمپ‘‘کا انعقاد

جمعہ 7 جون 2024 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2024ء) ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور وفاقی وزارت صحت کے تمباکو کنٹرول سیل کے تعاون سے سینٹورس مال اسلام آباد میں ’’تمباکو کنٹرول آگاہی کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد تمباکو کے استعمال کے نقصانات کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنا تھا اور بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے نقصانات سے محفوظ رکھنا تھا۔

ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال میں منعقدہ تقریب کے موقع پر ہسپتال کے ڈاکٹرز بشمول ماہر نفسیات اور دیگر طبی عملےنے مفت مشاورت اور سکریننگ کی سہولیات فراہم کیں۔ تقریب نے حاضرین کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا جنہوں نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایسٹ) عثمان اشرف جو کہ تمباکو کنٹرول کے فوکل پرسن بھی ہیں، ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر اریج نیازی، سینٹورس کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر سردار راشد الیاس اور ٹوبیکو کنٹرول سیل کے پراجیکٹ منیجر محمد آفتاب احمد بھی شامل تھے۔

تقریب میں شامل حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے عثمان اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ تمام لوگ معاشرے میں تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر ہسپتال، وزارت صحت کے تمباکو کنٹرول سیل، سینٹورس اور دیگر معاونین کی کوششوں کو سراہا۔ تمباکو کنٹرول سیل کی انتظامیہ، ڈاکٹر اریج اور ڈاکٹر سردار راشد الیاس نے تمباکو کے استعمال پر قابو پانے کے لیے شعور بیدار کرنے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اسلام آباد کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ہسپتال کے کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے 2014 کے گلوبل ایڈلٹ ٹوبیکو سروے کے اعدادوشمار فراہم کیے جس میں انکشاف کیا گیا کہ تقریباً 24 ملین پاکستانی بالغ افراد مختلف شکلوں میں تمباکو کا استعمال کرتے ہیں جس کے نتیجے میں سالانہ 160,000 سے زیادہ اموات ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال عوامی علاقوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو تمباکو کے دھوئیں سے پاک جگہیں بنانے میں وزارت صحت اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی بھر پور مدد کر رہا ہے اور مزید تعاون جاری رکھے گا۔ محمد آفتاب احمد نے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران نوجوانوں اور خواتین میں تمباکو کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کی۔ انہوں نے پاکستانیوں کو کینسر اور دل کے امراض جیسی مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے تمباکو سموک فری کیپٹل اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ اے ڈی سی، وزارت صحت کے حکام اور ہسپتال انتظامیہ نے اسلام آباد کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کے ہدف کے حصول کے لیے عوامی آگاہی کے پروگراموں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

متعلقہ عنوان :