پاک چین دوستی میں دراڑ کی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیرداخلہ

چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے ہیں۔ محسن نقوی کی چینی سفیر سے ملاقات میں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جون 2024 12:10

پاک چین دوستی میں دراڑ کی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2024ء ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شہریوں کے لئے ایک الگ فورس (ایس پی یو) بنائی جا رہی ہے، پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چینی سفارت خانے آمد پر چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیرداخلہ کا خیر مقدم کیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین اور بالخصوص پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چینی سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں چینی سفیر کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور وزیر داخلہ نے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کے سکیورٹی پلان پر بھی بریف کیا، چینی سفیر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چین کے صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے جامع اور موثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لئے الگ فورس ایس پی یو بنائی جا رہی ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھر آنچ بھی نہ آئے،پاکستان اور چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔