ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے گلی کوچوں کی سطح پر کلیکشن پوائنٹس عوام کیساتھ شیئر کیے جائیں، فضل حکیم خان یوسفزئی

اتوار 16 جون 2024 17:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے جنرل منیجر آپریشنز ذیشان پرویز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے گلی کوچوں کی سطح پر کلیکشن پوائنٹس عوام کیساتھ شیئر کیے جائیں تاکہ جانوروں کی آلائشیں نہ صرف آسانی سے اٹھائی جا سکیں بلکہ ڈمپنگ پوائنٹ تک بھی بروقت پہنچائی جا سکیں ، اس مقصد کے لئے ڈبلیو ایس ایس سی کے اہلکاروں کو بھر پور کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ عیدالاضحیٰ کا یہ خصوصی صفائی آپریشن کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکے اور شہر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات سے صاف رہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے حجرہ مکان باغ میں عید الاضحیٰ کے دوران صفائی سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے جنرل منیجر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام عملے کی خصوصی ڈیوٹی لگائیں، ڈبلیو ایس ایس سی سوات عوام کی خدمت کا ادارہ ہے اور عملے کی چھٹیاں عوام کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لئے منسوخ کی جائیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی تمام آلائشیں اور باقیات مخصوص مقامات پر جمع کریں تاکہ سینیٹری ورکرز کو صفائی کرنے میں آسانی ہو ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس سوات میں عید الاضحیٰ میں صفائی و ستھرائی کے لیے مشترکہ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے ، عید کے تینوں دن ضلعی انتظامیہ، لائیو سٹاک اور ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے نمائندے صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کنٹرول روم میں بھی موجود رہینگے جن سے بذریعہ ٹیلی فون نمبر0946-9240336 جبکہ فیکس نمبر 0946-9240329 پر رابطہ کیا جاسکے گا۔