راولپنڈی کو ماڈل ضلع اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے،انجینئر قمر اسلام راجہ

جمعہ 21 جون 2024 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2024ء) رکن قومی اسمبلی انجینئر قمر اسلام نے کہا ہے کہ کمزوروں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا میری زندگی کا مشن ہے، عام آدمی کو طاقتور بنانے کے لیے سیاست کر رہا ہوں، کسی طاقتور کو عام آدمی کی حق تلفی کی اجازت نہیں دوں گا۔ تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، راولپنڈی کو ماڈل ضلع بنائیں گے اور میرٹ کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار نائب صدر مسلم لیگ(ن) پنجاب ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر اسلام راجہ نے ملک ہائوس کمال پور نکڑالی روڈ راولپنڈی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں این اے 53 کے بہت سے میگا پراجیکٹس کے لیے منظوری ہو گئی ہے جن میں سر فہرست سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

اڈیالہ روڈ چونترہ، روات، دھاماں، کلیال، دھمیال، اڈیالہ گورکھپور وغیرہ کے باسیوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے، دو ارب روپے کی لاگت سے خواجہ کارپوریشن تا گورکھپور سڑک کی تعمیر و کشادگی کی جا رہی ہے بلکہ ساتھ یہ بھی ہے کہ خواجہ کارپوریشن چوک میں عام آدمی کو شدید رش کی اذیت سے بچانے کے لئے ڈیڑھ ارب کی لاگت سے ایک فلائی اوور کی منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

دو ارب بیس کروڑ کی لاگت سے چکری اڈہ تا ہرنیانوالہ براستہ بلاول اڈہ کی منظوری بھی ہو گئی ہے ۔ چکری سے ڈھڈمبر سڑک کی تعمیر کے لئے 6 کروڑ بیس لاکھ روپے کی گرانٹ منظور ہو گئی ہے۔ہرکہ بسالی روڈ کی تعمیر کے لئے دس کروڑ 31 لاکھ کی منظوری ہو گئی ہے۔کڑڑ روڈ کے بقایا کام کی تکمیل کے لئے بھی 5 کروڑ پچاس لاکھ کے فنڈ منظور ہو چکے ہیں ،اڈیالہ روڈ اور روات چکری روڈ کے درمیان اہم لنک ہے یعنی کچی جوڑیاں سے جرار کیمپ موڑ کو آخری لمحات میں شامل کروایا گیا ہے۔

چک بیلی بائی پاس کے لئے فنڈز ریلیز کر دئیے گئے ہیں۔مہوٹہ ڈیم کے نظام آبپاشی کی توسیع اور بقایا کام کی تکمیل سمیت کچھ ادئیگیوں کے لئے اس مالی سال میں 20 کروڑ کے مزید فنڈز کی منظوری حاصل ہو گئی ہے جس سے علاقے میں ترقی، خوشحالی اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہو گا۔