سفارتکاری کے شعبے میں پاکستانی خواتین سفارتکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار

پیر 24 جون 2024 23:24

سفارتکاری کے شعبے میں پاکستانی خواتین سفارتکاروں کی خدمات  قابل تعریف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2024ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سفارتکار خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، سفارتکاری کے شعبے میں پاکستانی خواتین سفارتکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ہر سال 24 جون کو سفارتکاری میں خواتین کے کردار کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیر اعظم نے ''ایکس'' پر اپنی ٹائم لائن پر لکھا کہ ملک کی تاریخ میں پاکستانی خواتین کا سفارت کاری کے میدان میں شاندار کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ شائستہ اکرام اللہ، محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی دیگر بہت سی قوی خواتین نے رکاوٹیں توڑ کر سینکڑوں خواتین سفارتکاروں کے لئے راہ ہموار کی جو بین الاقوامی سطح پر وقار کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے خواتین سفارتکاروں کی تعریف کی اور ان کی خدمات اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔