ایبٹ آباد،بلدیاتی ممبران کو فنڈ زنہ ملنے پر ویلج اور نیبر ہڈ کونسلز کے ممبران کا احتجاجی مظاہرہ اورریلی

جمعرات 4 جولائی 2024 19:15

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2024ء) ایبٹ آباد میں بلدیاتی ممبران کو فنڈ زنہ ملنے پر ویلج اور نیبر ہڈ کونسلز کے ممبران نے احتجاجی مظاہرہ کیااورریلی نکالی ۔بلدیاتی ممبران نےوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے لوکل باڈی کے اختیارات بحال اور فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس حوالہ سےجمعرات کے روز ایبٹ آباد پریس کلب کے باہر ممبران تحصیل کونسلر سردار سعید ،زاہد خان ،سلیم خان ،آفتاب احمد ،وقار گل ،محمد اقبال ،وسیم خان ،دلدار اعوان ،عامر فضل ،نذیر مغل ،شیر خان ،نصیر خان ،راجہ نصیر ،ولی الرحمن ،راجہ زیشان ،سکندر ایاز ،سردار شبیر اور دیگر نے پارٹی وابستگی کے بغیر مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ڈیڈ لائن دی ہے۔

اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے کہا کہ لوکل کونسل کے دو سال ضائع کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت فنڈ کی کمی کا رونا رو رہی ہے،دوسری جانب اپنی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔مقررین نے محکمہ واسا اور پبلک ہیلتھ پر بھی کڑی تنقید کی ہے اور واسا کو ختم کرکے ٹی ایم اے کو ذمہ داری دینے کا مطالبہ کیا ہے۔قبل ازیں ممبران تحصیل کونسل نے ریلی نکالی اور فنڈ نہ ملنے پر خیبرپختونخواحکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی ۔اس موقع پر مظاہرین نے مختلف پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بلدیاتی ایکٹ 2019 کو بحال کرنے سمیت مختلف مطالبات درج تھے۔