پنجاب ،میٹرک امتحانات کے نتائج کااعلان 9جولائی کو کیا جائیگا

طلباء اپنے نتائج متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ پر یا اپنے موبائل فون کے ذریعے آن لائن دیکھ سکتے ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 6 جولائی 2024 13:46

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06جولائی 2024 ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز 9 جولائی بروز منگل صبح 10 بجے میٹرک کے امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کریں گے،طلباءاپنے نتائج متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ پر یا اپنے موبائل فون کے ذریعے آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔ان لوگوں کیلئے جن کے پاس فوری انٹرنیٹ دستیاب نہیں، موبائل ایس ایم ایس کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

طلباءاپنے ضلع کے مخصوص ”بورڈ کوڈ“ کے ساتھ اپنا رول نمبر ایک مقررہ نمبر پر آسانی سے بھیج سکتے ہیں۔ ہر تعلیمی بورڈ کے پاس نتائج کا ایک مخصوص صفحہ ہوگا جہاں طلباءاپنے سکور کارڈ تک رسائی کیلئے اپنا رول نمبر اور دیگر مطلوبہ اسناد درج کر سکتے ہیں۔طلباء اپنے نتائج چیک کرنے کیلئے اپنے متعلقہ بورڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یکم مارچ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوا تھا۔

میٹرک کے امتحانات میں 26لاکھ 94ہزار 281 امیدوار وں نے حصہ لیا تھا جن میں 13لاکھ90ہزار592 لڑکیاں اور 12لاکھ 97ہزار689 لڑکے میٹرک کا امتحان دیا تھا۔میٹرک امتحانات کیلئے4088 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ اسی طرح میٹرک کے امتحانات کیلئے14امتحانی مراکزصوبے کی مختلف جیلوں میں بھی بنائے گئے تھے۔میٹرک امتحانات کیلئے دفعہ 144کا نفاذ بھی کیا گیا تھا اور امتحانی مراکز کی حدود میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔

اسی طرح19اپریل کو لاہور بورڈ سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات ہوا تھا۔لاہور بورڈ حکام کے مطابق امتحانات میں 1 لاکھ 95 ہزار 6 سو سے زائد امیداوار وں نے شرکت کی تھی۔لاہور بورڈ کے حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور ڈویڑن میں 800 سے زیادہ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جبکہ نقل کی روک تھام کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے گئے تھے۔