امریکا کا تحریک انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار

لگتا ہے سیاسی پیچیدہ عمل کا آغاز کیا جارہا ہے تاہم اس اندرونی عمل اور فیصلوں پر امریکا نظر رکھے گا‘میتھیو ملر

منگل 16 جولائی 2024 12:53

امریکا کا تحریک انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2024ء) امریکا نے تحریک انصاف پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران ’پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی‘ سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

میتھیو ملر نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کے حکومتی بیانات دیکھے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سیاسی پیچیدہ عمل کا آغاز کیا جارہا ہے تاہم اس اندرونی عمل اور فیصلوں پر امریکا نظر رکھے گا۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی باعث تشویش ہے کیونکہ یہ اقدام انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے، آئینی اور جمہوری اصولوں کی پٴْرامن پاسداری کی مخالفت ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا جمہوری عمل اور وسیع تر اصولوں اور قانون کی حکمرانی سمیت انصاف کے اقدامات کی ہمیشہ سے حمایت کرتا رہا ہے۔