بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا تمام سیاسی جماعتوں کی شراکت سے عبوری حکومت بنانے کا اعلان

پیر 5 اگست 2024 17:06

بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا تمام سیاسی جماعتوں کی شراکت سے عبوری حکومت ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2024ء) بنگلہ دیش کے چیف آف آرمی سٹاف نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے فوری بعد ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی شراکت سے عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ملک میں عبوری حکومت کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے صدر محمد شہاب الدین سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے پرتشدد کارروا ئیاں فوری طور پر بند کرنے کی اپیل کی اور وعدہ کیا کہ طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے دوران مارے جانے والوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ڈھاکہ یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے سربراہ پرورفیسر آصف نذرل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایک بیان جاری کرکے طلبہ سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم اپنے عہدے سے استعفی دے کر ملک سے فرار ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد فوجی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کی جماعت عوامی لیگ کا کوئی رکن شریک نہیں تھا۔دریں اثناء ہزاروں مظاہرین ملک کے وزیر داخلہ اسد الزمان کے گھر میں داخل ہو گئے ،انہوں نے وہاں لوٹ مار کی اوربعد ازاں گھر کو آگ لگا دی ۔رپورٹ کے مطابق پیر کی دوپہر ہزاروں افراد نے کرفیو کے باوجود ڈھاکہ کی جہانگیر نگر یونیورسٹی سے مارچ کا آغاز کیا اور حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ۔مارچ کے شرکاء نے اپنے راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا ۔\932