ایس ای سی پی نے عوام کو جعلی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم اویووا انویسٹمنٹ گروپ سے خبردار کردیا،اس میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی ہدایت

منگل 6 اگست 2024 15:15

ایس ای سی پی نے عوام کو جعلی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم اویووا انویسٹمنٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے عوام کو جعلی اور غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم "اویوا سکیورٹیز ایکسچینج اکیڈیمی ‘‘میں کسی قسم کی سرمایہ کاری کرنے سے خبردار کیا ہے۔ایس ای سی پی کے اعلامیہ کے مطابق اویووا انویسٹمنٹ گروپ اس جعلی ٹریڈنگ پلیٹ فارم کو مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے مارکیٹ کر رہا ہے ، اس جعلی گروپ کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج اور دیگر بین الاقوامی سٹاک مارکیٹوں میں ٹریڈنگ پر خاطر خواہ منافعے کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس غیر قانونی پلیٹ فارم کی مینجمنٹ کمپنی برطانیہ میں قائم ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی ’اویووا انویسٹرز ‘ کے ساتھ وابستگی کا جھوٹا دعویٰ کررہی ہے،اویووا انویسٹرز‘نے بھی اپنی ویب سائٹ پر اس حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے، اس کے علاوہ یہ جعلی ٹریڈنگ پلیٹ فارم پاکستان سٹاک ایکسچینج پر ٹریڈنگ کے لئے کمپنی کے نام کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ "اویووا انویسٹمنٹ گروپ/ایچ 1- اویووا سکیورٹیز ایکسچینج اکیڈمی / اویووا انویسٹمنٹ لمیٹڈ " پاکستان سٹاک ایکسچینج یا بین الاقوامی سٹاک ایکسچینج میں حصص کی تجارت کے لیے کوئی پلیٹ فارم چلانے کے لیے نہ تو رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی لائسنس یافتہ ،واضح کیا جاتا ہے کہ سٹاک مارکیٹ یا مرکنٹائل ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے لئے مجاز کمپنیوں کو ایس ای سی پی کی جانب سے سکیورٹیز اور فیوچر بروکرز کا لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔

بغیر لائسنس بروکرز سٹاک ایکسچینج پر سرمایہ کاروں کے لئے ٹریڈنگ انجام دے ہی نہیں سکتے۔ ایس ای سی پی کے لائسنس یافتہ بروکرز کی فہرست ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ایس ای سی پی عوام کو خبردار کرتا ہے کہ وہ "اویووا انویسٹمنٹ گروپ/ایچ 1-اویووا سکیورٹیز ایکسچینج اکیڈمی/اویووا انویسٹمنٹ لمیٹڈ" یا کسی بھی شکل یا انتظام میں اس طرح کے کسی ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے ساتھ فنڈز جمع نہ کروائیں اور نہ ہی سرمایہ کاری کریں ۔

اویووا انویسٹمنٹ گروپ/ایچ 1-اویووا سکیورٹیز ایکسچینج اکیڈمی/اویووا انویسٹمنٹ لمیٹڈ" کا نام ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب "غیر مجاز سرگرمیوں میں مصروف کمپنیوں کی فہرست" میں شامل کیا گیا ہے ۔ مزید برآں ایس ای سی پی نے معاملے کو تحقیقات اور ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی بھیج دیا ہے ۔\932