نیدرلینڈز کی خاتون سوئمر نے اپنا اولمپکس گولڈ میڈل پالتو کتے کے نام کردیا

جمعرات 8 اگست 2024 18:40

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2024ء) نیدرلینڈز کی شارون وان رووینڈال نے پیرس اولمپکس میں ویمنز 10کلومیٹر میراتھن سوئمنگ میں گولڈ میڈل اپنے پالتو کتے کے نام کردیا جو رواں سال مر گیا تھا۔ جمعرات کے روز پیرس میں جاری میراتھن سوئمنگ مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں شارون نے دو گھنٹے، تین منٹ اور 34.2 سیکنڈز میں حریف آسٹریلیا کی مویشا جونسن کو پیچھے چھوڑ کر گولڈ میڈل حاصل کیا، جونسن نے 5.5 سیکنڈ کے فرک سے دوسرے نمبر پر رہیں اور سلور میڈل اپنے نام کیا جبکہ اٹلی کی جنیورا نے برائونز میڈل جیتا۔

(جاری ہے)

دریائے سین میں ہونے والے مقابلے میں فتح حاصل کرنے کے بعد وان رووینڈال نے اپنی کلائی پر پالتو کتے ریو کے پنجے کے نشان کے ٹیٹو کی طرف اشارہ کیا اور اسے بوسہ دیا۔ پیرس اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے کے بعد وان رووینڈال نےکہا کہ 2016ء برازیل میں ہونے والے ریو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میں نے اپنے پالتو کتے کا نام ریو رکھا تھا ، رواں سال کے اوائل میں جب وہ مرا تو میری دنیا ہی رک گئی۔ مجھے تین ہفتوں تک تیراکی کی کوئی پرواہ نہیں تھی، وہ بچوں کی طرح تھا ۔واضح رہے کہ وان روونڈال کو 2021 ء میں ٹوکیو میں 0.9 سیکنڈ کے فرق سے چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔