جوکووچ کا گرینڈ سلیم ایونٹس کی انعامی رقم بڑھانے کا مطالبہ

ہفتہ 23 اگست 2025 21:05

جوکووچ کا گرینڈ سلیم ایونٹس کی انعامی رقم بڑھانے کا مطالبہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء)سربیئن ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے گرینڈ سلیم ایونٹس کی انعامی رقم میں مزید اضافے کا مطالبہ کردیا۔ریکارڈ 24 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے والے نوواک جوکووچ کا خیال ہے کہ چاروں گرینڈ سلیمز میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی انعامی رقم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔جوکووچ کا کہنا تھا کہ چاہے یہ ہمارے لیے ایک مثالی صورت حال ہو، لیکن مجھے لگتا ہے کہ مجموعی طور پر ایسا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میرے خیال میں اس لحاظ سے بہتری کی ابھی بہت زیادہ گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے یہ دیکھنا ہمیشہ اچھا اور مثبت ہوتا ہے کہ گرینڈ سلیمز انتظامیہ تمام کھلاڑیوں کے لیے مجموعی طور پر انعامی رقم کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہیں۔خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم رواں سال ایک متنازعہ مسئلہ رہا ہے۔ سرفہرست 20 مردوں اور خواتین کھلاڑیوں نے ایک خط پر دستخط کیے جس میں گرینڈ سلیم ایونٹس کی انتظامیہ سے زیادہ آمدنی کا مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ ہر سال چار گرینڈ سلیم ایونٹ آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن کھیلے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :