صوبائی وزیر شیرگورچانی کو کرپشن کی صفائی میں جواب کا موقع دیا گیا ہے

گورچانی کا جواب دیکھ کر وزیراعلیٰ سزاجزا کا فیصلہ کریں گی، خیبرپختونخواہ میں کرپشن کے چارجز پرکمیٹی بنا دی گئی یہاں تو وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیروٹالرنس ہے، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 اگست 2024 22:04

صوبائی وزیر شیرگورچانی کو کرپشن کی صفائی میں جواب کا موقع دیا گیا ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2024ء) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر شیر گورچانی کو کرپشن کی صفائی میں جواب کا موقع دیا گیا ہے، گورچانی کا جواب دیکھ کر وزیراعلیٰ سزاجزا کا فیصلہ کریں گی، خیبرپختونخواہ میں کرپشن کے چارجز پرکمیٹی بنا دی  گئی یہاں تو وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیروٹالرنس ہے۔  ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وزیر گورچانی کی ویڈیو پر سخت نوٹس لیا اور کام کرنے سے بھی روک دیا ہے، ان کو کرپشن کی صفائی میں جواب جمع کرانے کا موقع دیا گیا ہے۔

گورچانی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دینے میں کوئی حرج نہیں ہے، ہر شخص کو بے گناہی ثابت کرنے کا موقع عدالتیں بھی دیتی ہیں، وہ تین روز میں اپنا جواب جمع کرائیں گے پھر وزیراعلیٰ ان کا جواب دیکھ کر فیصلہ کریں گی۔

(جاری ہے)

گورچانی کے مطابق اگر انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی تو وہ اس کا جواب جمع کرا دیں گے پھر ان کی سزا جزا کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔

خیبرپختونخواہ میں پچھلے 12 سال سے تبدیلی کی حکومت ہے، وہاں کرپشن کے چارجز پر باہر سے لوگوں کو لا کر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کہ وہ ان پر نظر رکھے۔ لیکن یہاں تو وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیروٹالرنس ہے، انہوں نے نوٹس بھی لیا، قانون باقاعدہ اپنا راستہ لے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر معدنیات شیرعلی گورچانی سے متعلق وائرل ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے شیر علی گورچانی سے جواب طلب کر لیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ کابینہ ہو یا وزارت، کوئی محکمہ ہو یا ادارہ، کرپشن کے لئے زیرو ٹالرنس رہے گی۔ وزیر معدنیات شیر علی گورچانی کو شو کاز نوٹس جاری کر کے تین دن میں جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے مجتبیٰ شجاع الرحمان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جو وزیر اعلی پنجاب کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔