ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس 10 ستمبر کو پہلے مباحثے میں آمنے سامنے ہوں گے

ہفتہ 10 اگست 2024 21:28

ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس 10 ستمبر کو پہلے مباحثے میں آمنے سامنے ہوں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) امریکا کی نائب صدر اور نومبر کے الیکشن میں ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس اور ان کے ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ نشریاتی ادارے ’اے بی سے‘ کی میزبانی میں 10 ستمبر کو صدارتی مباحثے میں شرکت کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق ایک اور نشریاتی ادارہ این بی سی دونوں امیدواروں کی مہمات سے دوسرے ممکنہ مباحثے کو منعقد کرانے پر بات کر رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نائب صدارت کے ری پبلکن امیدوار جے ڈی وینس اور ڈیموکریٹک امیدوار ٹم والز کے درمیان ’سی بی ایس‘ نیوز مباحثے کی میزبانی کرے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز چینل پر 4 ستمبر کو ہونے والے مباحثے کی دعوت بھی قبول کر لی ہے، اس چینل کے کئی روایت پسند تجزیہ نگار ٹرمپ کے الیکشن کی حمایت کرتے ہیں، تاہم ہیرس نے اس مباحثے میں شرکت پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہونے والا مباحثہ 5 نومبر کی انتخابی مہم کا متوقع طور پر ایک اہم ترین لمحہ ہوگا، کئی لاکھ لوگ اس مباحثے کو دیکھیں گے، ان میں سے کچھ نے اس وقت تک ووٹ کے لیے اپنے من پسند امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا ہوگا۔عوامی جائزے ظاہر کرتے ہیں اس وقت دونوں صدارتی امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہے اور کاملا ہیرس شاید برتری حاصل کر رہی ہیں۔