سال کے بڑے ڈرامہ سیریل ’عشق ہوا‘ کا اتوار کو جیو ٹی وی سے آغاز ہوگا

عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پیشکش، ہارون کادوانی اور کومل میر مرکزی کردار میں نظر آئیں گے

اتوار 11 اگست 2024 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2024ء)انٹرٹینمنٹ کی دٴْنیا میں تہلکہ مچانے والے ’’سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ‘‘ کی نئے ڈرامہ سیریل ’’عشق ہوا‘‘ کا آغاز اتوار کو ’’جیوٹی وی‘‘ سے ہوگا۔ نوراں مخدوم کے قلم سے لکھی گئی عشق کی اس داستان نے اپنے ایکشن، جنون اور دیوانگی سے سب کو سحر زدہ کردیا ہے۔ ہارون کادوانی اور کومل میر کی جوڑی کے منتظر شائقین کو سید وجاہت حسین کی ہدایات میں ایک آگ کے دریا کو پار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دلکش عکس بندی کے ساتھ سہیل سمیر، سحر ہاشمی، فضیلہ قاضی، رمیز صدیقی، شہزاد مختار، سلیم معراج اور ساتھی فنکاروں کی جاندار اداکاری تبریز اور منثیٰ کا قدم قدم پر امتحان لینے والے ہیں۔وجیہہ فاروقی نے اپنے لکھے گئے گیت کو اپنی آواز اور ترون کے ہمراہ سحر انگیز کمپوزیشن کے ساتھ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت ہر محبت کرنے والے کے دِل کے تار چھیڑ دیے ہیں۔ ایک جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ کے ساتھ، جب ٹکرائے گا تبریز کے عشق کا جنون تو ایسے میں پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی، منثیٰ جیسی معصوم لڑکی کے خوابوں کو ٹوٹ کر بکھیرنے سے کیسے بچائیں گی یہ سارا احوال ناظرین اس سیریل کی دِل چھولینے والی کہانی میں دیکھیں گے۔