
مینوسفیئر کے ذریعے خواتین کے خلاف بڑھتی نفرت پر یو این ویمن کو تشویش
یو این
منگل 24 جون 2025
21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 24 جون 2025ء) خواتین و لڑکیوں کے خلاف تعصب اور نفرت پر مبنی 'مینوسفیئر' کے نام سے بڑھتا ہوا آن لائن کمیونٹی نیٹ ورک صنفی مساوات کے لیے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے جو اب لوگوں کے طرزعمل، رویوں اور سرکاری پالیسیوں پر بھی اثرانداز ہونے لگا ہے۔
خواتین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این ویمن' نے کہا ہے کہ دنیا میں 5.5 ارب لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے مربوط ہیں اور ان میں تقریباً تمام ہی سوشل میڈیا پر موجود ہیں جس نے لوگوں کے باہمی رابطوں میں مرکزی اہمیت اختیار کر لی ہے۔
تاہم سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم خواتین کے خلاف نفرت اور تعصب پھیلانے کے لیے بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ 'مونوسفیئر' کبھی انٹرنیٹ کے فورمز تک ہی محدود تھا لیکن اب یہ سکولوں، کام کی جگہوں اور بعض اوقات قریبی نجی تعلقات تک بھی پہنچ گیا ہے۔(جاری ہے)
یو این ویمن میں خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خاتمے سے متعلق شعبے کی سربراہ کیلییوپی مائنگیرو کا کہنا ہے کہ نوعمر مردوں اور لڑکوں میں اپنی خواتین ساتھیوں سے ملاقات، تندرستی اور بطور باپ طرزعمل اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بااثر شخصیات (انفلوئنسر) کی پیروی کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔
خود کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جوابات کی تلاش میں یہ لوگ ان آن لائن گروہوں سے 'طاقت' پاتے ہیں جو ایسے نقصان دہ رویوں کو فروغ دے رہے ہیں جس سے مردانگی میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور خواتین کے خلاف تعصب کو تقویت ملتی ہے۔
مردانگی، انتہاپسندی اور جنس پرستی
کیلییوپی مائنگیرو نے یو این نیوز کو بتایا کہ ایسی آن لائن جگہوں پر نوعمر مردوں اور لڑکوں کے عدم تحفظ اور توثیق کی خواہش و ضرورت سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور ایسے پیغامات پھیلائے جاتے ہیں جو معاشرے میں خواتین اور لڑکیوں کی حیثیت کے حوالے سے نہایت نامعقول ہوتے ہیں۔
ان میں خواتین کے خلاف تعصب اور نفرت کا اظہار ہوتا ہے اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والوں کو غلط اور برا قرار دیا جاتا ہے۔مردوں کی صحت کے حوالے سے نمایاں تنظیم اور یو این ویمن کی شراکت دار 'موومبر فاؤنڈیشن' کے مطابق، دو تہائی نوعمر مرد انٹرنیٹ پر ایسی شخصیات سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں جو مردانگی کی بات کرتی ہیں۔ اگرچہ کچھ آن لائن مواد سے مردوں اور لڑکوں کو حقیقی مدد بھی ملتی ہے لیکن بیشتر میں انتہاپسندانہ زبان اور جنس پرستانہ نظریات کو فروغ ملتا ہے اور اس تصور کو تقویت دی جاتی ہے کہ مرد نسائیت اور جدید سماجی تبدیلی کے متاثرین ہیں۔
خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خلاف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مونوسفیئر میں شامل گروہ نسائیت کے استرداد اور خواتین کو سازشی یا خطرناک قرار دینے میں متحد ہیں۔
سوشل میڈیا کے الگورتھم بھی اشتعال انگیز اور تقسیم کا باعث بننے والے بیانیوں اور مواد کو تقویت دے رہے ہیں۔
جمہوریت کے لیے خطرہ
کیلییوپی مائنگیرو کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر شناخت کو خفیہ رکھنے کی سہولت کے باعث جنس پرستی اور اظہار نفرت کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے۔
بدسلوکی سے متاثرین کو ذہنی و جسمانی نقصان ہی نہیں ہوتا بلکہ اس سے عمومی طور پر جمہوریت کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ایسی صورتحال میں خواتین اور لڑکیاں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر خود کو لاحق خطرات کو لے کر پریشانی محسوس کرتی ہیں اور بہت سی خواتین صحافی اور سیاست دان ایسی جگہوں پر نہیں آتیں۔
انہوں ںے کہا ہے کہ یہ چیزیں پریشانی کو جنم دیتی ہیں اور مرد یا لڑکے بھی اس سے محفوظ نہیں رہتے۔
ان حالات میں ایسی محفوظ آن لائن جگہیں بنانے کی ضرورت ہے جہاں ہر ایک کو نقصان دہ مواد سے محفوظ رہتے ہوئے رہنمائی مل سکے۔ثقافتی و سیاسی اثرات
مونوسفیئر کے نقصان دہ بیانیے خفیہ آن لائن جگہوں تک ہی محدود نہیں رہے بلکہ ان کے اثرات وسیع تر ثقافت و سیاست پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ ان کے ذریعے صنفی بنیاد پر تشدد کو غیراہم بنا کر پیش کیا جاتا ہے اور خواتین کے خلاف تفریقی دقیانوسی تصورات کو تقویت ملتی ہے۔
بعض اوقات یہ تصورات دیگر طرح کے نظریات بشمول بنیاد پرستی، نسل پرستی اور غیرملکیوں سے نفرت کے ساتھ بھی متقاطع ہوتے ہیں۔ خواتین کے خلاف آن لائن دنیا میں نفرت اور تعصب بہت جلد آف لائن دنیا میں بھی پھیل جاتا ہے۔
کیلییوپی مائنگیرو کہتی ہیں کہ لوگوں پر فائرنگ کے بہت سے واقعات میں بیشتر ملزم ایسے ہی آن لائن پلیٹ فارم سے وابستہ تھے جو نفرت کو ہوا دیتے اور سبھی کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنتے ہیں۔
یہ گروہ یک آواز نہیں ہوتے لیکن سبھی نسائیت کو خطرناک چیز، خواتین کو سازشی اور مردوں کو سماجی تبدیلی کے متاثرین قرار دیتے ہیں۔ ان کے تصورات نوعمر مردوں اور لڑکوں میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور ایسے الگورتھم انہیں عام کر رہے ہیں جو سنسنی خیز اور شدت پسندانہ مواد کو پھیلاتے ہیں۔ مونوسفیئر کے بیانیے اب انٹرنیٹ کے کونوں کھدروں تک محدود نہیں رہے بلکہ لوگوں کی سوچ، ان کی رائے دہندگی اور دوسروں کے ساتھ طرزعمل پر بھی اثرانداز ہونے لگے ہیں۔

نفرت اور تعصب سے نمٹنے کی حکمت عملی
بیجنگ اعلامیے اور پلیٹ فارم فار ایکشن کو 30 سال مکمل ہونے پر یو این ویمن نے ٰخبردار کیا ہے کہ خواتین کے خلاف آن لائن تعصب اور نفرت سے صنفی مساوات کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت کو براہ راست خطرہ لاحق ہے۔
ادارہ اسی خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کے خلاف زہرآلود ڈیجیٹل ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ اس حوالے سے کثیرجہتی طریقہ کار درج ذیل اقدامات کا احاطہ کرتے ہیں:
- آن لائن اظہار نفرت کے پھیلاؤ اور اثرات پر تحقیق اور مواد کی تیاری۔
- ڈیجیٹل تحفظ اور ضابطہ کاری کے لیے پالیسی سازی۔
- آن لائن بدسلوکی کے متاثرین کی مدد۔
- نفرت انگیز مردانگی سے نمٹںے کے لیے عوامی آگاہی کی مہمات۔
- ڈیجیٹل استحکام اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں پر مبنی پروگراموں کی تیاری۔
- میڈیا سے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ۔
تعلیم کے ذریعے روک تھام
کیلییوپی مائنگیرو نے کہا ہے کہ بالآخر تعلیم ہی خواتین سے نفرت کے تصور کی بنیاد کو ختم کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہے۔
بچوں اور نوعمر افراد سے صنفی مساوات، صحت مند تعلقات اور ڈیجیٹل طرزعمل کے بارے میں بات کرنا بہت ضروری ہے اور اس طرح نقصان دہ رویوں کو جڑ پکڑنے سے روکا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ کرنے کا مقصد محض لڑکیوں کو تحفظ دینا نہیں بلکہ اس کا تعلق ایسی دنیا کی تعمیر سے ہے جہاں تمام لڑکے اور لڑکیاں نقصان دہ صنفی توقعات کے دباؤ سے آزاد ہو کر یکساں طور سے آگے بڑھ سکیں۔
مزید اہم خبریں
-
سلامتی کونسل: ایران کے جوہری پروگرام پر سفارتکاری کی اہمیت پر اصرار
-
جنگوں میں جنسی تشدد بنیادی حقوق کی شرمناک خلاف ورزی، وولکر ترک
-
میانمار: زلزلے کے تین ماہ بعد بھی 60 لاکھ افراد امداد کے منتظر
-
اقوام متحدہ کا منشور 80 سال بعد بھی ایک جاوداں معجزہ ہے، گوتیرش
-
جب آپ بے گناہ لوگوں کو ماریں گے تو اس سے دہشت گردی بڑھے گی
-
ایران بڑی مضبوط قوم ہے ان سے سیکھنا چاہیے
-
وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
-
بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز جام شہادت نوش کر گئے
-
مینوسفیئر کے ذریعے خواتین کے خلاف بڑھتی نفرت پر یو این ویمن کو تشویش
-
ایران اب کبھی بھی اپنی جوہری تنصیبات دوبارہ تعمیر نہیں کرے گا
-
کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں
-
غزہ: تین ہفتوں میں امدادی مراکز پر اسرائیلی فائرنگ سے 410 فلسطینی ہلاک
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.