بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز جام شہادت نوش کر گئے

میجر معیز جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوئے، آپریشن میں 11 دہشت گرد بھی جہنم واصل کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی منگل 24 جون 2025 22:00

بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز جام شہادت نوش کر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز جام شہادت نوش کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردوں کیخلاف لڑتے ہوئے قوم کا ایک اور ہیرو وطن پر قربان ہو گیا۔ میجر معیز جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوئے، آپریشن میں 11 دہشت گرد بھی جہنم واصل کر دیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ شہید میجر معیز ہی پاک فوج کے وہ جوان تھے جنہوں نے 2019 میں بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر سید معیز عباس شاہ آپریشن کی قیادت کررہے تھے، میجر معیز شہید کو متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں اور بہادری کے لیے جانا جاتا تھا۔ 37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق چکوال سے ہے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 24 جون 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔ آپریشن میں بھارت کے حمایت یافتہ " فتنہ الخوارج" کے 11 دہشتگرد ہلاک اور 7 زخمی کردیئے گئے۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ گیارہ خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے جبکہ سات دہشتگرد زخمی ہوئے۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔ 27 سالہ لانس نائیک جبران اللہ کا تعلق ضلع بنوں سے تھا۔ میجر معیز شہید کو خوارج کے خلاف کئی آپریشنز میں ان کی بہادری اور جرات مندانہ اقدامات کے لیے جانا جاتا تھا۔ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے ان بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔