Live Updates

کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں

خیبرپختونخواہ میں فنانشنل ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی تھی،ہمارے بہت سے لوگ سازش کا حصہ بنے ان کا تعین آپ خود کریں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 جون 2025 21:03

کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 جون 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں، خیبرپختونخواہ میں فنانشنل ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ شیڈول کے مطابق پاس کرنا پڑتا ہے،بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں ان کا فیصلہ حتمی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے بجٹ پیش کرنے سے منع نہیں کیا تھا، بانی نے بجٹ پر مجھ سے ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔

کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی کے مخالفین کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں، خیبرپختونخواہ تحریک انصاف کا قلعہ اور گڑھ ہے، خیبرپختونخواہ میں فنانشنل ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی تھی،ہمارے بہت سے لوگ سازش کا حصہ بنے ان کا تعین آپ خود کریں، سازشوں کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے مائنس عمران خان کردیا اگر بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے نام پر کرنل نے نہیں بلکہ اوپر سے کراس لگا ہوا ہے، ہم نے کے پی کے حکومت سے بھیک مانگی کے اڈیالہ کے باہر پہنچیں، بہت منتیں کی کہ اگر وہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے تو آپ اڈیالہ کے باہر آ جائیں لیکن کِسی نے نہ سُنی، سپیکر صوبائی اسمبلی کا فون آیا کہ "پاس ہے یا پیش ہے" میں نے کہا کہ آپ اڈیالہ کے باہر کیوں نہیں جاتے تو انہوں نے کہا کہ ہم جائیں گے لیکن نہیں گئے۔

سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے تو کہا تھا ہم سارے ایم پی ایز صبح اڈیالہ جیل آرہے ہیں ، ہم جیسے دس دس گھنٹے یہاں دھوپ میں کھڑے ہوتے ہیں کیا وہ نہیں کھڑے ہو سکتے تھے؟ ہمیں تو یقین ہی نہیں ہورہا کہ بجٹ پاس ہوگیا ہے لیکن اگر عمران خان سے پوچھے بغیر بجٹ پاس ہو گیا تو یہ مائنس عمران خان کر چکے ہیں لیکن ہم اس کو باہر نکالنے کے لیے کھڑے رہیں گے چاہے ہمارے ساتھ کوئی کھڑا ہو یا نہ ہو۔

علیمہ خان کہتی ہیں کہ یہ عمران خان سے خوفزدہ ہیں اور اسی لیے انہوں نے سابق وزیراعظم کو آئسولیٹ کردیا ہے کیوں کہ یہ عمران خان کو عوام کے دلوں میں سے نکالنا چاہتے ہیں لیکن یہ ناممکن ہے، آج مجھے نہ ملنے دیا گیا تو میں یہاں سے نہیں جاؤں گی کیوں کہ جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کرنا میرا حق ہے لیکن اس کے باوجود پانچ مہینوں میں صرف دو بار ملاقات کرنے دی گئی، جب تک یہ ملاقات کے لیے نہیں جانے دیتے میں یہیں بیٹھی رہوں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات