کوئٹہ ،گرلز سکول پر دستی بم دھماکہ، چوکیدار زخمی

دھماکا نواب غوث بخش گرلز ہائی سکول کے اندر ہوا، سکول ٹائمنگ نہ ہونے کے باعث واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،عمارت کوشدید نقصان پہنچا، دھماکے میں 200 گرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 13 اگست 2024 12:45

کوئٹہ ،گرلز سکول پر دستی بم دھماکہ، چوکیدار زخمی
کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اگست 2024 ) کوئٹہ میں گرلز سکول پر دستی بم دھماکے میں چوکیدار زخمی جبکہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا،دھماکا نواب غوث بخش گرلز ہائی سکول کے اندر ہوا، سکول ٹائمنگ نہ ہونے کے باعث واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سریاب کے علاقے منیر مینگل روڈ پر گرلز سکول میں دھماکے کے نتیجے میں سکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے میں سکول کا چوکیدار معمولی زخمی ہواجبکہ دھماکے میں 200 گرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ دستی بم سے کیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں دھماکے کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکہ چالو باوڑی چوک کے قریب دستی بم سے کیاگیا،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیاگیاتھا۔ریسکیو اہلکاروں نے فوری طو رپر طبی امداد کیلئے چاروں زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فرازک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شرو ع کر دی تھی ۔

گزشتہ رات گوالمنڈی تھانے اور سریاب روڈ پر ہونے والے 2 دھماکوں میں بھی 5 افرادزخمی ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ دو روزقبل بھی کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ اور پولیس اسٹیشن پر دستی بم کے حملے کئے گئے تھے جن میں 5افراد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق واقعہ سریاب کے علاقے میں نامعلوم افراد ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ دھماکے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ایف سی ہسپتال منتقل کردیاگیاتھا۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زخمی اہلکاروں کو چھرے لگنے سے جسم کے مختلف حصوں میں زخم آئے ہیں تاہم حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی۔