ہیکٹیوسٹ گروپس ہیش ٹیگز کو آپریشنل ٹولز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں: کیسپرسکی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:01

ہیکٹیوسٹ گروپس ہیش ٹیگز کو آپریشنل ٹولز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں: ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) کیسپرسکی کے محققین نے ایک نئی رپورٹ سگنل ان دی نائز جاری کی ہے، جس میں 2025 کے دوران 120 سے زائد ہیکٹیوسٹ گروپس اور 11 ہزار سے زیادہ ہیکٹیوسٹ پوسٹس کا تجزیہ کیا گیا ہے جو ڈارک ویب پر شیئر کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ہیش ٹیگز اب ہیکٹیوسٹ مہمات کا بنیادی حصہ بن چکے ہیں، جو شناخت، رابطے اور حملوں کی ذمہ داری ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈسٹری بیوٹڈ ڈینائل آف سروس (DDoS) حملے اب بھی سب سے عام سائبر حملے کا طریقہ ہیں۔تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ ہیکٹیوسٹ سرگرمیاں عالمی سطح پر پھیلی ہوئی ہیں اور مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے تنازعات سے آگے بڑھ کر یورپ، ایشیا اور امریکا سمیت مختلف خطوں کو نشانہ بناتی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ہیکٹیوسٹ گروپس جب کسی ہدف پر حملے کا اعلان کرتے ہیں تو وہ عام طور پر فوراً عملدرآمد کرتے ہیں اور اعلان کے چند دنوں میں حملہ شروع کر دیتے ہیں۔

2025 میں دو ہزار سے زائد منفرد ہیش ٹیگز ریکارڈ کیے گئے جن میں سے 1,484 پہلی بار سامنے آئے۔ زیادہ تر ٹیگز دو ماہ کے اندر ختم ہو جاتے ہیں، تاہم کچھ مقبول ہیش ٹیگز اتحاد اور اشتراک کے باعث زیادہ عرصہ برقرار رہتے ہیں۔ متاثرہ اداروں اور ممالک میں یورپ، امریکا، بھارت، ویتنام اور ارجنٹینا شامل ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہیکٹیوسٹ گروپس مقامی ہدف کے بجائے عالمی شہرت کو ترجیح دیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 61 فیصد حملے ڈی ڈاس سے متعلق تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکٹیوسٹ گروپس اکثر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں تاکہ اپنے حملوں کا اثر بڑھا سکیں۔ ایسے اتحادوں کا اعلان عام طور پر نئے ہیش ٹیگز کے ذریعے کیا جاتا ہے جو مشترکہ مہمات اور اتحاد کی علامت بنتے ہیں۔کیسپرسکی کی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ تجزیہ کار کسینیا کوداشیوا نے کہا کہ‘‘ہیکٹیوسٹ گروپس عام سائبر مجرموں کے برعکس خفیہ طور پر نہیں بلکہ منظرِ عام پر رہ کر کام کرتے ہیں۔

تاہم، ان کی شہرت کی خواہش کو ان کے خلاف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر ادارے مسلسل ان گروپس کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں تو وہ آنے والے ممکنہ حملوں کی پیشگی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ اسی لیے اداروں کے لیے کیسپرسکی ڈیجیٹل فٹ پرنٹ انٹیلی جنس جیسے ٹولز کا استعمال ضروری ہے تاکہ ان اشاروں کو قابلِ عمل خطرے کی معلومات میں بدلا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق کیسپرسکی نے عالمی کاروباری اداروں اور سرکاری تنظیموں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈی ڈاس حملوں کے خلاف دفاعی حکمت عملی کو ترجیح دیں اور ردعمل کے منصوبے پہلے سے تیار رکھیں۔

ڈارک ویب کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ ممکنہ خطرات، اتحادوں کے اعلانات اور حملوں کے ثبوت فوری طور پر سامنے لائے جا سکیں۔ ہیکٹیوسٹ دھمکیوں کو وقتی انتباہ سمجھتے ہوئے دفاعی اقدامات فوراً تیار کریں۔ تنازعہ زدہ علاقوں سے باہر کے ادارے بھی اس خطرے کو سنجیدگی سے لیں کیونکہ ہیکٹیوسٹ مہمات جغرافیائی ہدف کے بجائے توجہ حاصل کرنے پر زیادہ مرکوز ہوتی ہیں۔