قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، 9 مئی کے ذمے داروں کو سزا ملے گی، نائب وزیراعظم

پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گے تو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی، پاکستان میزائل قوت بن چکا اب معاشی قوت بنانا ہے۔ اسحاق ڈار کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اگست 2024 13:19

قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، 9 مئی کے ذمے داروں کو سزا ملے گی، نائب وزیراعظم
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست 2024ء ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گےتو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی، ملک کے سلامتی اداروں پر حملے قابل قبول نہیں، 2014ء کے دھرنے والا طریقہ اب استعمال نہیں کرنے دیں گے، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، 9 مئی کے ذمے داروں کو سزا ملے گی۔

لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری کے 981 ویں عرس کی تقریبات کےآغاز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو، پاکستان کی بہتری، معاشی ترقی، خوشحالی کے لیے دعا کریں، یہ ملک ایک گلدستہ ہے، وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستہ کی مانند ہے جو کہ کلمہ شریف کے نام پر بنا ہے، اس کی حفاظت بھی اللہ تعالیٰ تاقیامت کریں گے۔

(جاری ہے)

نائب وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مسلم امہ کے 57 ممالک کی سربراہی کرنا اس ملک کی تقدیر ہے، اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو ان ہستیوں کی دعاؤں سے اور نبی ﷺ کے صدقے سے ایٹمی قوت بنایا، میاں محمد نواز شریف نے دسمبر 1998 میں اللہ کے فضل و کرم سے مثالی پروگرام کو ترتیب دیا، اس وقت میاں نواز شریف وزیر اعظم تھے، پاکستان میزائل قوت بن چکا ہے، اب معاشی قوت بنانا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا پاکستان تاقیامت قائم رہے گا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت بنا، میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، آج الحمداللہ آج ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے یہ مدینہ منورہ کے طرز پر مسجد سے لے کر غلام گردش تک آٹومیٹک چھتریوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ خود کھلتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ یہ اگلے عرس سے قبل تکمیل کو پہنچ جائے۔