الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ میں دوبارہ گنتی کا حکم

منگل 27 اگست 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سے کہاہے کہ و ہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرکے دو دن میں نیا فارم 49 جاری کریں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، اس اہم فیصلے میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ متعلقہ حلقے کے تمام ووٹوں، بشمول مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کریں۔

فیصلے کے مطابق دوبارہ گنتی درخواست گزار اور دیگر امیدواروں کی موجودگی میں کی جائے گی، ریٹرننگ آفیسر کو دو دن کے اندر اپنی رپورٹ اور نظرثانی شدہ فارم 49 کمیشن کے سامنے پیش کرنا ہوگا ، اس کے بعد منتخب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، یہ فیصلہ مدعا علیہ اور درخواست گزار کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد دیا گیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 218(3) معہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 4، 8 (b) اور (c) اور 95 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پیش کردہ نتائج سے واضح ہے کہ کامیاب اور رنر اپ امیدوار کے درمیان ووٹوں کا فرق 8000 سے کم ہے، جو کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 95(5) کے تحت قومی اسمبلی کی نشست کے لئے دوبارہ گنتی کے لئے جواز ہے۔ اس سیکشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنا لازمی ہےفیصلے میں بتایا گیا ہے کہ فارم-47 کے مطابق اس حلقے میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 9,300 ہے۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کا سیکشن 95 ووٹوں کی مجموعی گنتی اور دوبارہ گنتی کے عمل سے متعلق طریقہ کار کو متعین کرتا ہے۔