Live Updates

مجھے کہا گیا ن لیگ میں شامل ہوجائیں، میرے پاس فون کالز کے ثبوت بھی موجود ہیں

عمران خان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کرنے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہروا دیا گیا، این اے 79 میں 8 فروری کے نتائج میں فتحیاب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما احسان ورگ کا انکشاف

muhammad ali محمد علی جمعہ 30 اگست 2024 22:25

مجھے کہا گیا ن لیگ میں شامل ہوجائیں، میرے پاس فون کالز کے ثبوت بھی موجود ..
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست2024ء) این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں سیٹ ہار جانے والے پی ٹی آئی رہنما کے انکشاف کے مطابق انہیں ن لیگ میں شامل نہ ہونے ہر ہروا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سے ایک اور جیتی ہوئی نشست چھن گئی، این اے 79 میں 8 فروری کو 4 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہارنے والے ن لیگی امیدوار کو الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں کامیاب قرار دے دیا۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما احسان ورگ نے انکشاف کیا کہ 8 فروری کے الیکشن کے نتائج میں فتح حاصل کرنے کے بعد انہیں کہا گیا کہ ن لیگ میں شامل ہو جائیں۔ فون کالز کر کے کہا گیا ن لیگ میں شامل نہ ہوئے تو دوبارہ گنتی میں ہروا دیے جاو گے، میرے پاس فون کالز کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کرنے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہروا دیا گیا۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوی تھیں وہ تبدیل تھیں، الیکشن کے وقت کی سیل توڑ کر نئی سیل لگا دی گئی تھیں، پریزائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے کہ سیل کیسے تبدیل ہوئیں۔ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے انشا اللہ کامیابی ملے گی، آئندہ ماہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز این اے 79 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا تھا، دوبارہ گنتی میں 8 فروری کو شکست کھا جانے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر کامیاب قرار دے دیے گئے۔

8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر نے 4 ہزار 388 ووٹ سے شکست کھائی تھی۔ تاہم دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھنڈر نے 95604 ووٹ حاصل کیے۔ پی ٹی آئی امیدوار احسان اللہ ورک نے 92581 ووٹ لیے۔ ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر 3023 ووٹوں کی برتری سے ایم این اے قرار دے دیے گئے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں تحریک اںصاف کے امیدوار کے 11 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کر دیے گئے جس سے ان کی جیت شکست میں تبدیل ہو گئی۔

واضح رہے کہ 27 اگست کو الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سے کہا کہ و ہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرکے دو دن میں نیا فارم 49 جاری کریں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنایا، اس اہم فیصلے میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ متعلقہ حلقے کے تمام ووٹوں، بشمول مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کریں۔

فیصلے کے مطابق دوبارہ گنتی درخواست گزار اور دیگر امیدواروں کی موجودگی میں کی جائے گی، ریٹرننگ آفیسر کو 2 دن کے اندر اپنی رپورٹ اور نظرثانی شدہ فارم 49 کمیشن کے سامنے پیش کرنا ہوگا ، اس کے بعد منتخب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، یہ فیصلہ مدعا علیہ اور درخواست گزار کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 218(3) معہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 4، 8 (b) اور (c) اور 95 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پیش کردہ نتائج سے واضح ہے کہ کامیاب اور رنر اپ امیدوار کے درمیان ووٹوں کا فرق 8000 سے کم ہے، جو کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 95(5) کے تحت قومی اسمبلی کی نشست کے لئے دوبارہ گنتی کے لئے جواز ہے۔ اس سیکشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنا لازمی ہے، فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ فارم 47 کے مطابق اس حلقے میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 9,300 ہے۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کا سیکشن 95 ووٹوں کی مجموعی گنتی اور دوبارہ گنتی کے عمل سے متعلق طریقہ کار کو متعین کرتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات