ربیع الاول کی آمد، تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کا عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منانے کا اعلان

صوبے بھر میں 3 ربیع الاول سے لے کر12 ربیع الاول تک عشرہ رحمت اللعالمینﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت سے منایا جائے گا

muhammad ali محمد علی بدھ 4 ستمبر 2024 22:14

ربیع الاول کی آمد، تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کا عشرہ رحمت ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2024ء) ربیع الاول کی آمد، تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کی آمد پر خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبہ بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا نے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق، 3 ربیع الاول سے لے کر12 ربیع الاول تک عشرہ رحمت اللعالمینﷺ منایا جائیگا۔

دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ربیع الاول1446ھ کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز بدھ کواسلام آباد میں طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد نے کی۔ اجلاس وزارت مذہبی امور کوہسار کمپلیکس میں شام 5 بجے شروع ہوا۔

چاند دیکھنے کے لئے محکمہ موسمیات سے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سرفراز اور سپارکو سے غلام مرتضیٰ کی جانب سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی تکنیکی معاونت کی گئی۔ جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو مختلف علاقوں سے ربیع الاول کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، تاہم ان کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔

چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد کی جانب سے کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک کے کسی علاقے سے ربیع الاول کے چاند کی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہو سکی۔ لہذا ملک میں عید میلاد النبیﷺ 17 ستمبر بروز منگل کو منائی جائے گی۔ جبکہ یکم ربیع الاول 6 ستمبر بروز جمعہ کو ہو گی۔ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں 17 ستمبر بروز منگل کو عام تعطیل ہو گی۔