وزیرتعلیم کی ہدایت پرچلڈرن لائبریری میں پہلی مرتبہ گرینڈ سیرت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

پیر 9 ستمبر 2024 19:59

وزیرتعلیم کی ہدایت پرچلڈرن لائبریری میں پہلی مرتبہ گرینڈ سیرت کانفرنس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر چلڈرن لائبریری نے پہلی مرتبہ گرینڈ سیرت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ سیرت کانفرنس میں 10 سے 14 سال تک کے بچوں کے درمیان مضمون نویسی، سیرت کوئز، نعت، اسلامی خطاطی سمیت دیگر مقابلہ جات کروائے جائیں گے۔ کانفرنس 11 سے 13 ستمبر تک چلڈرن لائبریری میں منعقد ہوگی۔

مختلف سکولوں کے چھٹی سے آٹھویں کلاس تک کے طلبہ ان مقابلہ جات کا حصہ ہوں گے جبکہ مقابلہ کے ونرز طلبہ کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ سیرت کانفرنس کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو اسلامی شعائر سے روشناس کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اوائل عمری میں حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چلڈرن لائبریری کو یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ چلڈرن لائبریری بچوں کی تربیت کے حوالے سے ایک کردار ساز ادارہ ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کی ذہنی، فکری، اخلاقی تربیت کیلئے موثر حکمت عملی بنا رہی ہے۔ گرینڈ سیرت کانفرنس بچوں کو اسوہ حسنہ سے آگاہی دینے کا سبب بنے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سیرت کانفرنس میں شامل سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں حیات طیبہ پر تحقیق کی عادت پیدا کریں گے۔