وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ اور ان کے سٹاف کا فون بند جا رہا ہے

آج دن ڈھائی بجے وزیر اعلٰی سے بات ہوئی انہوں نے بتایا کہ ایک میٹنگ کیلئے اسلام آباد جا رہا ہوں، ترجمان خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف نے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر دیا

muhammad ali محمد علی پیر 9 ستمبر 2024 22:31

وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ اور ان کے سٹاف کا فون بند جا رہا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر 2024ء) بیرسٹر سیف نے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ اور ان کے سٹاف کا فون بند جا رہا ہے۔ آج دن ڈھائی بجے وزیر اعلٰی سے بات ہوئی انہوں نے بتایا کہ ایک میٹنگ کیلئے اسلام آباد جا رہا ہوں۔

اس کے بعد ان کا فون بند جا رہا ہے، اسٹاف سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کے فون بھی بند جا رہے ہیں۔ ہمیں اس وقت کچھ نہیں معلوم کہ وزیر اعلٰی اس وقت کہاں ہیں۔ خدشہ ہے کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحریک اںصاف کے رہنماوں کی گرفتاریوں کیخلاف کل عدالت جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے 3 رہنماوں کو گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک اںصاف کے رہنماوں کی گرفتاری کا آغاز کر دیا۔ اسلام آباد پولیس نے تحریک اںصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ کے باہر سے حراست میں لے لیا۔ بیرسٹر گوہر اسلام آباد پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر خود گرفتاری دینے کیلئے پارلیمنٹ سے باہر آئے۔ اس سے قبل ایم این اے شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاوس کی عمارت سے باہر آنے پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا، اس دوران گارڈز اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ پولیس نے شیر افضل مروت کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ شیر افضل مروت کے بعد شعیب شاہین کو بھی گرفتار کر لیا گیا، دونوں رہنماوں کو گرفتاری کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مزید پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون کو سیل کر دیا ہے۔ اسلام آباد جلسے میں معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام پر عمر ایوب خان اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔