پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے ،علی امین گنڈا پور کو سوچنا چاہیے وہ کیا کررہے ہیں، محسن نقوی

جمعہ 4 اکتوبر 2024 23:10

پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے ،علی امین گنڈا پور کو سوچنا چاہیے وہ کیا کررہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی جلسے کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز بھی درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے اور احتجاج نہ کریں، جلسے جلوس ہر پاکستانی کا حق ہے مگر یہ جو کر رہے ہیں وہ طریقہ کار غلط ہے، اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ اپنا کام پورا کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس چیز کی اجازت نہیں دے سکتے، ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ مہمانوں کو یقین دلانا ہے، آپ محفوظ ملک میں آئے ہیں، جو لوگ بھی احتجاج کا سوچ رہے ہیں، وہ ایک بارپھرسوچیں، ایس پی کے علاوہ یہاں ایک پولیس اہلکار کے پاس بھی گن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے درخواست کی تھی، ابھی جلسے جلوس نہ کریں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لیگی، علی امین گنڈاپور کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کسی نہ کسی سطح پر رابطہ ہے، انہیں امید ہے کہ علی امین گنڈاپور بطور پاکستانی سوچیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے لیے باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کی سیکیورٹی اہم ہے، اگر احتجاج کے لیے اجازت سے آتے تو پروٹوکول ملتا، اسلام آباد پر ہر چوتھے دن خیبرپختونخوا سے دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور عوام سے تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں، ہمارے مہمان اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، ہم نے ان کو یقین دلانا ہے کہ وہ محفوظ ملک میں ہیں، احتجاج کرنے والے ایک بار پھر سوچ لیں۔