یوم کپور کی رات، تل ابیب پر ڈرون حملے، سائرن بجتے رہے

اسرائیلی شہریوں نے زیر زمین بنائی گئی پناہ گاہوں میں چھپنے کے لیے دوڑیں لگا دیں

ہفتہ 12 اکتوبر 2024 12:00

یوم کپور کی رات، تل ابیب پر ڈرون حملے، سائرن بجتے رہے
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2024ء) اسرائیل کے شہر تل ابیب میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ڈرون حملے کے باعث شہریوں کو دوڑیں لگانا پڑ گئیں۔ تاکہ ڈرون حملے کی ہلاکت خیزی سے بچ سکیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے اطلاع ملتے ہی تل ابیب کے شہریوں کو ڈرون حملے سے خبر دار کرنے کے لیے سائرن بجانا شروع کر دیے۔

سائرنوں کی آوازیں سنتے ہی اسرائیلی شہریوں نے زیر زمین بنائی گئی پناہ گاہوں میں چھپنے کے لیے دوڑیں لگا دیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق تل ابیب اور بعض دوسرے اسرائیلی شہر جن پر اب میزائل یا ڈرون حملے ہونا ایک معمول بننے لگا ہے۔ شہری سخت اعصابی دباو کا شکار رہنے لگے ہیں۔ جن کے لیے دوسرے نسبتا محفوظ قصبوں اور شہروں میں سر چھپانے کے ٹھکانے ہیں وہ تل ابیب اور حیفا سے کچھ دیر کے لیے نکل جانے کا سوچنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

تاکہ آئے روز کی اچانک دوڑیں لگانے سے بچ سکیں۔جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بھی سائرن بجتے ہی مقامی شہریوں کو میاں بیوی بچوں سمیت پناہ گاہوں کی طرف دوڑ لگانا پڑیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق کم از کم دو ڈرون طیارے جونہی اسرائیلی سرحد سے اندر داخل ہو کر تل ابیب کی طرف بڑھنے لگے سائرن بجادیے گئے تھے۔بتایا گیا ہے کہ یہ ڈرون حملہ لبنان کی طرف سے کیا گیا تھا۔

ان میں سے ایک ڈرون طیارے نے تل ابیب کے شمالی حصے میں نقصان کیا ہے اور کم از کم ایک عمارت کو نقصان پہنچایا ہے۔اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون طیارے جونہی اسرائیلی علاقے میں داخل ہوئے اسرائیلی ایئر فورس کے طیاروں کی مانیٹرنگ میں آگئے تھے۔ اس لیے انہیں نقصان کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہنے دیا گیا۔ ان میں سے کم از کم ایک ڈرون حملے کو مکمل ناکام بنا دیا۔ تاہم دوسرے ڈرون طیارے سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق سائرن بجنے سے شہریوں کے پناہ گاہوں کی طرف دوڑنے سے لے کر ڈرون گرانے تک کا سارا عمل کچھ 20 منٹ میں مکمل ہو گیا۔ جس سے یوم کپور سے پہلے پیدا ہونے والا یہ خطرہ جلدی ختم ہو گیا۔