خیبرپختونخواہ پولیس میں احتساب کا نیا قانون تیار، افسران میں تشویش کی لہردوڑ گئی

ٰ آئی جی نے افسران کا ہنگامی اجلاس بلا لیا‘کئی اعلیٰ پولیس افسران کی چھٹیوں پرجانے کی تیاریاں

اتوار 13 اکتوبر 2024 03:30

خیبرپختونخواہ پولیس میں احتساب کا نیا قانون تیار، افسران میں تشویش ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر 2024ء ) خیبرپختونخواہ پولیس میں احتساب کا نیا قانون نافذ کرنے سے متعلق تیار بل تیار کرلیا گیا ہے، تقرر و تبادلوں کے اختیارات وزیراعلیٰ کو منتقل کرنے سے اعلیٰ پولیس افسران کی تشویش کی لہر دوڑگئی اور کئی اعلیٰ پولیس افسران نے چھٹیوں پرجانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، پولیس قوانین میں ترامیم کے تحت آئی جی پولیس سے ٹرانسفر پوسٹنگز کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں جب کہ ڈی پی اوز، ڈی آئی جیز، ایڈیشنل آئی جیز کی پوسٹنگ کا اختیار وزیراعلیٰ کو حاصل ہوگا، پولیس ترمیمی ایکٹ 2024ء منظوری کیلئے جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری کے بعد پولیس لائنز میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ایکٹ میں ترامیم آئی جی پولیس کو اعتماد میں لیے بغیر کابینہ اجلاس میں پیش کی گئیں اور آئی جی خیبرپختونخوا نے کابینہ اجلاس میں بھی ایکٹ کی مخالفت کی، آئی جی نے اجلاس میں کہا کہ ایسا کرنے سے محکمہ پولیس کو نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محکمہ پولیس میں تشویش ہے کہ ترمیمی ایکٹ سے پولیس کا اختیار بیوروکریسی کے پاس چلا جائے گا اور ترمیم سے محکمے میں سیاسی مداخلت ہوگی، ایکٹ کی منظوری پر چند پولیس افسران نے طویل چھٹی لینے کی تیاری کرلی ہے، اس معاملے پر پولیس افسران نے آئی جی، سپیکر اور وزیراعلیٰ کے پی سے بھی ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، جس میں افسران اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے اور ملاقات میں ایکٹ پر غور کیلئے حکومت، اپوزیشن اور پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز دی جائے گی۔