دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا

فی تولہ سونے کے نرخ 2 لاکھ 87 ہزار900 روپے ہوگئے جبکہ دو روز میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار858 روپے کا اضافہ ہوا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 اکتوبر 2024 19:08

دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر 2024 ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا جبکہ دو روز میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار858 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 87 ہزار900 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار486 روپے کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 46 ہزار828 روپے ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

 
دوسری جانب اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کا اعلان 4 نومبر کو کرے گا جبکہ تجزیہ کاروں نے شرح سود میں 2 فیصد تک کمی کا امکان ظاہر کردیا۔ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس گورنر اسٹیٹ بینک کی زیرصدارت 4 نومبر کو ہوگا، اجلاس میں ملک کی مائیکرو اور میکرو صورتحال کے ساتھ بین الاقوامی حالات کے جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد پالیسی ریٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ پر انے کے بعد شرح سود میں 2 فیصد تک کمی کا امکان ہے، اس وقت بنیادی شرح سود 17 اعشاریہ 5 فیصد ہے۔ 
مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کے بعد ازٹیکس منافع میں جاری کیلنڈر سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 91 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بینک کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق کیلنڈر سال کے پہلے 9 ماہ میں بینک کو 3.547 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 91 فیصد کم ہے۔

گزشتہ سال کی اسی مدت میں بینک کو 39.332 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ کیلنڈر سال کے پہلے 9 ماہ میں بینک کی فی حصص آمدنی 3.54 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سا ل کی اسی مدت میں 39.32 روپے تھی۔ اس مدت میں بینک نے ٹیکسوں کی مد میں 12.058 ارب روپے کی ادائیگی کی ۔

متعلقہ عنوان :