پنجاب حکومت کا وکلاء کے مسائل حل کرنے کا مشن/ ساڑھے چار کروڑ روپے کی گرانٹس تقسیم

لاہور، شیخوپورہ، فیروزوالہ، حافظ آباد بار ایسوسی ایشنزمیں گرانٹس تقسیم کی گئیں ‘ملک صہیب احمد بھرتھ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب بڑے پیمانے پر وکلاء کے مسائل حل کررہی ہے‘ صوبائی وزیر قانون

منگل 12 نومبر 2024 19:25

پنجاب حکومت کا وکلاء کے مسائل حل کرنے کا مشن/ ساڑھے چار کروڑ روپے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2024ء) صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی دعوت پر لاہور، شیخوپورہ، فیروزوالہ، حافظ آباد بار ایسوسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز لاہور پہنچے۔صدور و جنرل سیکرٹری نے صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ و پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون خالد رانجھا سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور بار منیر احمد بھٹی ایڈووکیٹ، صدر شیخوپورہ بار سجاد باقر ڈوگر، صدر فیروزوالہ بار بابر زمان گجر، صدر حافظ آباد بار عمر خضر ایڈووکیٹ، اور صدر پنڈی بھٹیاں بار ثنا اللہ بھٹی شامل تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری قانون پنجاب بلال احمد لودھی بھی موجود تھے۔پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشنز کو مجموعی طور پر 3 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی۔

(جاری ہے)

فیروزوالہ بار کو 25 لاکھ روپے، شیخوپورہ بار کو 50 لاکھ روپے، پنڈی بھٹیاں بار کو 25 لاکھ روپے اور حافظ آباد بار کو 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی۔ گرانٹس سے بار ایسوسی ایشنز میں کئی اہم منصوبے شروع کیے جا سکیں گے، جن میں فی میل بار رومز کی تعمیر، ای لائبریری کا قیام، ایگزیکٹو رومز کی تعمیر، کتب، کمپیوٹرز اور فرنیچر کی خریداری شامل ہے۔

وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد وکلاء کے مسائل کو حل کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وکلاء کے لیے مختلف منصوبے تیار کر رہے ہیں جن میں ٹریننگ پروگرامز، خواتین وکلاء کے لیے ڈے کیئر سنٹر کا قیام اور ان کے دیگر مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت وکلاء کے مسائل کو تسلسل کے ساتھ حل کر رہی ہے، اور میں خود کو پنجاب بھر کے وکلاء کا نمائندہ سمجھتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلیٰ پنجاب وکلاء کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہیں۔ اس کا مقصد وکلاء کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے۔بار ایسوسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے وزیر قانون اور پنجاب حکومت کی وکلاء کے مسائل حل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام وکلاء کی پیشہ ورانہ زندگی میں بہتری لائے گا اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرے گا۔