ریجن بھر میں ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر سگریٹ کی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری

بدھ 27 نومبر 2024 15:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2024ء) ریجن بھر میں ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر سگریٹ کی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور غیر قانونی طور پر لائے گئے 30کروڑ روپے سے زائد لاگت کے ساڑھے 6ہزار کے قریب سگریٹ کے کاٹن پکڑ لئے گئے، غیر قانونی طور پر سگریٹ فروخت کرنیوالے افراد کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ا ن خیالات کا ا ظہار ڈپٹی کمشنر فیڈرل بورڈ آف ریونیو سرگودھاعلی کلیار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کی وصولی کا ہدف 4ارب 20کروڑ مقرر کیا گیا ہے 3ارب کے لگ بھگ وصولی کرلی ہے جبکہ مطلوبہ ہدف مقررہ تاریخ تک پورا کرلیا جائیگا۔انہو ں نے مزید کہا کہ ریجن بھر میں سگریٹ کی غیر قانونی فروخت کے حوالہ سے آگاہی مہم کے سلسلہ میں بینرز آویزاں کردیئے ہیں دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی سگریٹ فروخت نہ کریں جس کا ٹیکس ادا نہ کیا گیا ہو بڑی کمپنیاں اپنے سگریٹ پر ٹیکس وغیرہ کی ادائیگی پرنٹ کرتی ہیں جو چھوٹی کمپنیاں ہیں انہیں کہا گیا ہے کہ جو بھی ڈبی فروخت کیلئے مارکیٹ میں آئے اس پر مینول ٹیکس مہر ضرور لگائیں تاکہ غیر قانونی طور پر ٹیکس کے بغیر سگریٹ کی روک تھام میں مدد مل سکے۔