پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں

پیر 2 دسمبر 2024 13:08

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2024ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کی بلائنڈز کرکٹ ٹیمیں چوتھے ٹی 20 بلائنڈکرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل آج منگل کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔اتوار کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تونیپال نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنزبنائے۔

،درگا دتہ نے 42 گیندوں پر 40 رنزبنائے ،رامیش نے 30 گیندوں پر 17 رنزبنائے اور ناٹ آئوٹ رہے،پاکستان کیجانب سے مطیع اللہ نے 4 اوورز میں صرف 5 رنزکے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،جواب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے ہدف محض 5.3 اوورزمیں بغیر کسی نقصان کے مکمل کرلیا۔

(جاری ہے)

کامران اختر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 63 رنز اور بابر علی نے 32 رنزبنائے ،کامران اختر نے صرف 14 گیندوں پر ففٹی بنا کر ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیز ترین ففٹی کا نیاریکارڈ قائم کردیا۔

ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سیکرٹری جنرل ریمنڈ موکسلے نے چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ کے ہمراہ کامران اختر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6رنز سے ہرا دیا۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان 244 رنز بنائے۔

سری لنکا کیجانب سے سلو اوور ریٹ پر بنگلہ دیش کو 6 رنزپینلٹی کی صورت میں اضافی دیئے گئے۔بنگلہ دیش کے محمد سلمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 بالز کھیل کر14 چوکوں کی مدد سے 97 رنزاسکور کیے عارف حسین نے 10 چوکوں کے ساتھ 81 رنز بنائے،جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 238رنز بنا سکی، چندانہ نے 54 بالز پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، دنیش نے 28 بالز پر 35 رنز بنائے۔محمد سلمان مین آف دی میچ قرار پائے۔