ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری نمبر پر آنے پر بھی پاکستان ٹیم کو 4 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ملیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 15 مئی 2025 14:29

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 مئی 2025ء ) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلئے 5.76 ملین ڈالرز انعامی رقم رکھی گئی ہے، فاتح ٹیم کو 3.6 ملین ڈالرز (1 ارب پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے، گزشتہ ایڈیشنز میں 1.6ملین ڈالرز ملے تھے۔

آئی سی سی نے کہا کہ اس سال انعامی رقم گزشتہ دو ایڈیشن کے مقابلے میں دوگنا ہے،آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11جون سے لارڈز میں ہوگا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
آئی سی سی کے مطابق رنرز اپ ٹیم کو 2.16 ملین ڈالرز ملیں گے، اس سے پہلے اسے 8 لاکھ ڈالرز ملے تھے، تیسری پوزیشن والی ٹیم بھارت کو 14 لاکھ 40 ہزار ڈالرز (40 کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپوں سے زائد) ملیں گے، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن کی ٹیم نیوزی لینڈ کو 12 لاکھ ڈالرز ملیں گے، پانچویں نمبر پر انگلینڈ کو 9 لاکھ 60 ہزار ڈالرز ملیں گے، چھٹے نمبر پر سری لنکا کو 8 لاکھ 40 ہزار ڈالر ملیں گے، ساتویں نمبر پر بنگلہ دیش کو 7 لاکھ 20 ہزار اور 8ویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کو 6 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

(جاری ہے)

 
پاکستان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ویں اور آخری نمبر پر رہی ، پاکستان ٹیم کو 4 لاکھ 80 ہزار ڈالر (13 کروڑ 53 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے۔