صدف آفریدی جونیئر سکواش چمپئن شپ کی سیمی فائنل میں پہنچ گئی

گرلز انڈر13 کیٹگری میں صدف آفریدی نے حبا امتیاز کو دوصفر سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا

پیر 9 دسمبر 2024 16:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2024ء) صدف آفریدی نے حبا امتیاز کو 11-6 اور 11-7 سے شکست دیکر جونیئر گرلز سکوائش چمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ صدف آفریدی ابھرتی ہوئی سکواش کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی متعدد ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں جاری خیبرپختونخوا جونیئر سکواش چیمپئن شپ گرلز انڈر13 کیٹگری میں صدف آفریدی نے حبا امتیاز کو دوصفر سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، صدف آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ سکواش میں قومی اور عالمی سطح پر نمایاں مقام بنانا چاہتی ہیں جس کے لئے وہ سخت محنت کر رہی ہیں، والدین ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، وہ کوچنگ اور تربیت کے ساتھ ساتھ مختلف ٹورنامنٹ میں محنت کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ والدین اور کوچ کی نگرانی میں ان کی محنت ضرور رنگ لائے گی۔ خیبرپختونخوا جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں گرلز انڈر13 ، بوائز انڈر9 ، 13 اور انڈر15 کیٹگریز شامل ہیں چیمپئن شپ میں صوبے بھر سے 128 سے زائد باصلاحیت کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جس کا باضابطہ افتتاح ‘پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری اور کے پی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر دائود خان نے کیا ۔ان کے ہمراہ لیجنڈ سابق ورلڈ چیمپئن قمر زمان، اے آئی پی ایس کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک، سکواش لیجنڈ محب اللہ خان، سینئر کوچ اور چیف آرگنائزر منور زمان‘ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی ،سینئر کوچ، طاہر اقبال، امجد خان اور فنانس سیکرٹری وزیر محمدبھی موجود تھے ۔