لاس اینجلس میں تباہی پھیلانے والی آگ جان بوجھ کر لگائی گئی؟ امریکی پولیس نے اہم گرفتاری کر لی

آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کرنے والی لاس اینجلس پولیس نے مبینہ طور پر آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی منگل 14 جنوری 2025 00:01

لاس اینجلس میں تباہی پھیلانے والی آگ جان بوجھ کر لگائی گئی؟ امریکی ..
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2025ء) لاس اینجلس میں تباہی پھیلانے والی آگ جان بوجھ کر لگائی گئی؟ امریکی پولیس نے اہم گرفتاری کر لی۔ تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کرنے والی لاس اینجلس پولیس نے مبینہ طور پر آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ لاس اینجلس کے جنگلات میں آگ کہیں جان بوجھ کر تو نہیں لگائی گئی؟ اس حوالے سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جس شخص کو گرفتار کیا ہے اس پر شبہ ہے کہ اس نے جان بوجھ کر آگ لگائی، تاہم گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا۔


واضح رہے کہ امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی آگ پر کئی روز بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، تیز ہواں کے سبب پھیلتی تباہ کن آگ کے باعث اب تک 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق پیسیفک پیلیسیڈز کی سب سے بڑی آگ پر اب تک 11 فیصد جبکہ ایٹن کے مقام پر لگنے والی آگ پر 27 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس میں آئندہ چند دن میں مزید تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اکتوبر سے اب تک لاس اینجلس میں معمول سے بہت کم بارشیں ہوئی ہیں۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے ہزاروں فائر فائٹرز مصروف ہیں، فی الحال مکمل طور پر نقصان کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے۔

تاہم امریکی میڈیا کی جانب سے ابتدائی اندازوں کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ لاس اینجلس میں لگی آگ سے امریکی معیشت کو 135 ارب ڈالرز سے 150 ارب ڈالرز تک کا نقصان ہو چکا، جبکہ لاس اینجلس کا ہزاروں ایکڑ رقبہ آگ کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔