صحت مند معاشرے میں جسمانی کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ،رجب علی عباسی

جمعہ 24 جنوری 2025 10:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) رکن خیبر پختونخوا اسمبلی رجب علی عباسی نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ میں جسمانی کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ، صحافیوں کی کھیلوں میں دلچسپی معاشرہ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم ہے، ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کو کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وہ یہاں یونین آف جرنلسٹس ایبٹ آباد کے زیر اہتمام سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کی ترقی کیلئے عوامی نمائندوں کی جانب سے جدوجہد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، مسائل کو سامنے لانے میں صحافیوں کا کردار اہم ہے، صحافت ایک مشکل پیشہ ہے اس کیلئے صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر بڑی محنت سے خبر بنا کر مسائل کو سامنے لاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل اور ذہنی دباوسے نکلنے کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر ہیں، ضلع کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر مواقع فراہم کروائیں گے، رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ان ڈور کھیلوں کیلئے ایبٹ آباد شہر میں سٹیٹ آف دی آرٹ جمنیزیم کی منظوری حاصل کی ہے جس سے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ تقریب میں مختلف گیمز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے یونین کے کھلاڑیوں کو مہمان خصوصی رجب علی عباسی نے ٹرافیز، شیلڈ اور میڈل دیئے۔ ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام پانچ گیمز جن میں کرکٹ، رسہ کشی، بیڈ منٹن، کیرم اور دوڑ شامل تھی، کے مقابلوں انعقاد کیا گیا تھا جس میں صحافیوں کے مابین دلچسپ مقابلے ہوئے جس کو شہریوں نے بے حد سراہا۔