Live Updates

بھارتی الزامات مسترد،پہلگام حملہ بھارت کی انٹیلی جنس ناکامی ہے، نجم سیٹھی

کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے، بھارتی حکومت کو پہلگام حملے کی عالمی جانچ کروانی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آسکیں

بدھ 30 اپریل 2025 15:13

بھارتی الزامات مسترد،پہلگام حملہ بھارت کی انٹیلی جنس ناکامی ہے، نجم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)پاکستان کے معروف صحافی اور تجزیہ نگار نجم سیٹھی نے بھارتی حکومت کی جانب سے پہلگام حملے کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیا ہے۔بھارتی صحافی کرن ٹھاپر کو انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی انتہاپسند حکومت اپنے سیاسی مفادات کے لیے ایک فالس فلیگ آپریشن کروایا اور اس کا الزام پاکستان پر لگادیا۔

نجم سیٹھی نے بھارتی صحافی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کی جانب سے جھوٹا فلیگ آپریشن کوئی نئی بات نہیں ہے، بھارت اپنے مسائل حل کرنے کے بجائے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگاکر اپنے عوام سے حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بار بار مطالبات کے باوجود بھارت نے اب تک پہلگام حملے کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے، بھارت کے پاس اگر دہشتگردی کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لیکر آئے، بھارتی حکومت کو پہلگام حملے کی عالمی جانچ کروانی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت نیوٹرل انویسٹی گیشن نہیں کروانا چاہتا تو اسکا مطلب ہے کہ وہ کچھ چھپا رہا ہے، بھارت عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے حملے کی شفاف جانچ کروائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ممالک پہلگام حملے کی تو مذمت کررہے ہیں لیکن کوئی ملک اس میں پاکستان کے ملوث ہونے کی بات نہیں کررہا کیوں کہ انہیں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستانی عوام اور ادارے جانتے ہیں کہ بھارت نے کسی کارروائی کی کوشش کی تو اسکا بھرپور جواب دیا جائے گا۔سینئر صحافی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی دہشتگردی کا سامنا ہے، بھارت بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث رہا ہے جس کے پاکستان نے ثبوت بھی پیش کیے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات