کویت میں غیرملکی کارکنوں کی رہائش کیلئے نئی گائیڈلائنز جاری

مناسب رہائش فراہم کرنے میں ناکام رہنے والے آجروں کو ہاؤسنگ الاؤنس ادا کرنا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 جنوری 2025 14:31

کویت میں غیرملکی کارکنوں کی رہائش کیلئے نئی گائیڈلائنز جاری
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری 2025ء ) کویت نے خلیجی ملک میں کام کرنے والے پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکی کارکنوں کے لیے ہاؤسنگ کے نئے ضوابط مرتب کیے ہیں، جس میں فی کمرہ زیادہ سے زیادہ 4 افراد کے قیام کی اجازت ہوگی اور مناسب رہائش فراہم کرنے میں ناکام رہنے والے آجروں کو ہاؤسنگ الاؤنس ادا کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کویت میں تارکین وطن مزدور آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں جہاں غیر ملکی شہری آبادی کا 60 فیصد اور لیبر فورس کا 78 فیصد ہیں، کویت کی معیشت کا زیادہ انحصار غیر ملکی مزدوروں پر ہے، تارکین وطن کی بھرتی کو آسان بنانے کے لیے ملک نے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ ساتھ کچھ افریقی ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، کفالہ کے نام سے جانا جاتا کفالت کا نظام تارکین وطن کارکنوں کو بھرتی کرنے کا تقریباً واحد طریقہ ہے، اس کا استعمال تارکین وطن کارکنوں کی کڑی نگرانی کے لیے بھی کیا جاتا ہے جو بنیادی طور پر تعمیراتی اور گھریلو شعبوں میں کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

گلف نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ کویت کی پبلک اتھارٹی آف مین پاور (PAM) کی جانب سے نئے ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے جن کا مقصد کارکنوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانا، رپائشی کمروں میں زیادہ بھیڑ کو کم کرنا اور مناسب رہائش کے معیار کو یقینی بنانا ہے، اس حوالے سے تیار کی جانے والی گائیڈلائنز کے تحت آجروں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کارکنوں کی رہائش میں فی شخص مناسب جگہ فراہم کی جائے اور ایک کمرے میں چار کارکنان سے زیادہ مقیم نہ ہوں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کویتی حکام کے اقدامات کا مقصد مختلف شعبوں میں زندگی کے بہتر ماحول کو فروغ دینا ہے، مناسب رہائش فراہم کرنے میں ناکام رہنے والے آجروں کو ہاؤسنگ الاؤنسز ادا کرنے کی ضرورت ہوگی، جس کے تحت کم از کم اجرت حاصل کرنے والے مزدوروں کو ان کی تنخواہ کے 25 فیصد کے برابر الاؤنس ملنا چاہیئے، جب کہ کم از کم اجرت سے زیادہ کمانے والے 15 فیصد کے حقدار ہیں۔ کویت کی پبلک اتھارٹی آف مین پاور نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ آجروں کو مزدوروں کے لیے رہائش فراہم کرنے سے پہلے متعلقہ حکام سے پیشگی منظوری حاصل کرنی چاہیئے، منظوری کا یہ عمل یقینی بناتا ہے کہ رہائش مطلوبہ معیارات پر پورا اترتی ہے اور اس مقصد کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :